ڈالر کی انٹربینک قیمت 21 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی

اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 279روپے 68پیسے کی سطح پر مستحکم رہی

پاک چین انویسٹمنٹ کانفرنس سے وابستہ صنعتی ترقی کی امید، ازبکستان کے کے ساتھ پانچ سالہ متوقع اقتصادی تعاون اور عالمی سطح پر اہم کرنسیوں کی نسبت امریکی ڈالر کمزور ہونے کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں جمعرات کو بھی ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا جس سے 21ماہ کے طویل دورانیے کے بعد ڈالر 278روپے سے نیچے آگیا۔ تاہم اسکے برعکس اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی۔

ترکیہ کی کمپنی کی پاکستان میں آف شور اور آن شور تیل اور گیس کی تلاش کے منصوبوں میں سرمایہ کاری اور مثبت معاشی اشاریوں کے سبب انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیئے ڈالر تنزلی سے دوچار رہا جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 28پیسے کی کمی سے 277روپے 72پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔

 تاہم سپلائی میں بہتری رونما ہوتے ہی درآمدی ضروریات کی طلب بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر مزید 03پیسے کی کمی سے 277روپے 97پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 279روپے 68پیسے کی سطح پر مستحکم رہی۔

Load Next Story