کورنگی میں ڈاکو اپنے ساتھی کی گولی سے ہلاک، دوسرا عوامی تشدد سے زخمی، تیسرا فرار
فوٹو: فائل
کورنگی میں پولیس افسر سے لوٹ مار کرنے والا ڈاکو اپنے ساتھی کی گولی سے ہلاک ہوگیا، عوام نے دوسرے ڈاکو کو پکڑا اور مار مار کر شدید زخمی کردیا، تیسرا ڈاکو فرار ہوگیا۔
ایکسپریس کے مطابق کورنگی 6 سیکٹر 51 بی گرلز کالج کے قریب لوٹ مار میں ملوث ایک ڈاکو فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرے ڈاکو کو عوام نے پکڑ خوب دل کی بھڑاس نکال کر اسے تشدد کا نشانہ بنا کر شدید زخمی کر دیا۔
ترجمان ایدھی کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت 19 سالہ ناظم کے نام سے کی گئی جبکہ شدید زخمی ڈاکو کو 20 سالہ عالیان کے نام سے شناخت کیا گیا جس کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
دوسری جانب زمان ٹاؤن پولیس کا کہنا ہے موٹر سائیکل سوار 3 ڈاکو پولیس افسر نیبل سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ اس دوران کی جانے والی مزاحمت پر ایک ڈاکو نے فائرنگ کر دی جس کی گولی اس کے ساتھی کو جا لگی جبکہ موقع پر موجود عوام نے دوسرے ڈاکو کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنا کر شدید زخمی کر دیا۔
فائرنگ کی زد میں آکر ایک شہری معمولی زخمی ہوگیا جس کی شناخت عرفان کے نام سے کی گئی۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈاکوؤں کے قبضے سے 2 پستول اور 125 موٹر سائیکل برآمد کرلی، واردات کے دوران تیسرا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا جس کے بارے میں پولیس مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔
پولیس ہلاک اور شدید زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کا کرمنل ریکارڈ چیک کر رہی ہے جبکہ ڈاکوؤں کے قبضے سے ملنے والی موٹر سائیکل کے بارے میں پولیس چھان بین کر رہی ہے۔