محمد نواز پر آئی سی سی اینٹی ڈوپنگ کوڈ کی خلاف ورزی ثابت، سزا سنادی گئی

آئی سی سی نے 7 فروری سے یکم مئی 2026 تک ان کے تمام کرکٹ ریکارڈز بھی کالعدم قرار دے دیے ہیں

پاکستانی آل راؤنڈر محمد نواز کو آئی سی سی اینٹی ڈوپنگ کوڈ کی خلاف ورزی پر معطلی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق 32 سالہ محمد نواز کا ڈوپ ٹیسٹ 7 فروری 2026 کو سری لنکا کے شہر کولمبو میں نیدرلینڈز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ کے بعد لیا گیا تھا، جس میں ان کے نمونے میں ممنوعہ مادہ ’کاربوکسی-ٹی ایچ سی‘ کی موجودگی پائی گئی۔

محمد نواز نے ضابطے کی خلاف ورزی کا اعتراف کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ یہ ممنوعہ مادہ کھیل کے دوران کارکردگی بہتر بنانے کے لیے استعمال نہیں کیا گیا تھا بلکہ اس کا کچھ اور مقصد تھا۔

اس وضاحت کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی سی سی نے ان پر تین ماہ کی نااہلی عائد کی جس کا اطلاق یکم مئی 2026 سے کیا گیا جب انہوں نے رضاکارانہ طور پر عارضی معطلی اختیار کی تھی۔

آئی سی سی نے واضح کیا کہ اگر محمد نواز منشیات سے متعلق علاج کا مقررہ پروگرام کامیابی سے مکمل کر لیتے ہیں تو ان کی سزا کم ہو کر صرف ایک ماہ تصور کی جائے گی۔

چونکہ وہ ڈھائی ماہ کی معطلی پہلے ہی گزار چکے ہیں اس لیے پروگرام مکمل ہونے کی صورت میں انہیں مزید کسی پابندی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

آئی سی سی نے 7 فروری سے یکم مئی 2026 تک ان کے تمام کرکٹ ریکارڈز بھی کالعدم قرار دے دیے ہیں۔

Load Next Story