فیفا ورلڈکپ: متنازع بینر لہرانے پر ارجنٹینا کیخلاف کارروائی کا امکان، رپورٹ طلب
فیفا نے انگلینڈ کے خلاف ورلڈکپ سیمی فائنل میں کامیابی کے بعد فاک لینڈز کے حق میں بینر لہرانے پر ارجنٹینا کے خلاف ممکنہ کارروائی پر غور شروع کردیا۔
ارجنٹینا نے سنسنی خیز مقابلے میں انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تاہم میچ کے اختتام پر ارجنٹائنی کھلاڑیوں نے (فاک لینڈز ارجنٹائن کا حصہ ہیں) کے متنازع بینرز لہرائے جس نے نئی بحث چھیڑ دی۔
فاک لینڈز برطانیہ کے زیر انتظام علاقہ ہے تاہم اس پر ارجنٹائن بھی اپنی ملکیت کا دعویٰ کرتا ہے۔
فیفا کے ترجمان کے مطابق ڈسپلنری کمیٹی میچ رپورٹس اور تمام متعلقہ حالات کا جائزہ لے رہی ہے جس کے بعد فیفا کے ضابطہ اخلاق کے تحت آئندہ کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
برطانوی حکومت نے بھی اس معاملے کی تحقیقات کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ فاک لینڈز برطانیہ کا حصہ ہیں اور اس حوالے سے اس کا مؤقف تبدیل نہیں ہوگا۔
دوسری جانب ارجنٹینا کے صدر جاویئر میلی نے کھلاڑیوں کے اقدام کو قابلِ فہم قرار دیا تاہم واضح کیا کہ فاک لینڈز کا معاملہ سفارتی ذرائع سے ہی آگے بڑھایا جانا چاہیے۔
یاد رہے کہ 2014 میں بھی اسی نوعیت کا بینر لہرانے پر فیفا نے ارجنٹینا کی فٹبال فیڈریشن پر جرمانہ عائد کیا تھا۔