ٹرمپ کا وفادار وائٹ ہاؤس ملازم پکڑا گیا؛ تقاریر چُرا کر شرطیں لگاتا اور لاکھوں کماتا

تحقیقات کی زد میں آنے والا وائٹ ہاؤس ملازم گیبریل پیریز 2016 سے صدر ٹرمپ کیساتھ بطور ٹیلی پرومپٹر آپریٹر وابستہ تھا

وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ کا وفادار ساتھی چور نکلا؛ تحقیقات شروع

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقاریر نشر ہونے سے پہلے ہی لیک ہونے اور اس پر شرطیں لگاکر لاکھوں روپے بٹورنے کا انکشاف ہوا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے نے وائٹ ہاؤس کے ایک سینئر ٹیلی پرومپٹر آپریٹر کے خلاف تحقیقات کا آٓغاز کردیا ہے۔

تحقیقات کی زد میں آنے والے وائٹ ہاؤس کے ملازم گیبریل پیریز 2016 سے ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ بطور ٹیلی پرومپٹر آپریٹر وابستہ تھے۔

گیبریل پیریز نے صدر ٹرمپ کی تقاریر کے نشر ہونے سے قبل متن تک رسائی حاصل کیں اور ان معلومات سے فائدہ اٹھا کر بھاری مالی منافع کمایا۔

وائٹ ہاؤس ملازم پر الزام ہے کہ اس نے تقاریر کے متن پر کلشی نامی امریکی پریڈکشن مارکیٹ پلیٹ فارم پر متعدد شرطیں لگائیں اور لاکھوں روپے بنائے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ ان چند مخصوص افراد میں شامل تھے جنھیں صدر کی تقاریر کا متن عوامی خطاب سے پہلے دستیاب ہوتا تھا۔

مشکوک سرگرمی کیسے پکڑی گئی؟

آن لائن پریڈکشن پلیٹ فارم کلشی کا کہنا ہے کہ اس کے نگرانی کے نظام نے صدر ٹرمپ کی تقاریر سے متعلق مینشن مارکیٹس میں غیر معمولی انداز میں لگائی جانے والی شرطوں کی نشاندہی کی۔

مزید چھان بین کے بعد معلوم ہوا کہ متعلقہ اکاؤنٹ ایک وفاقی ملازم استعمال کر رہا تھا جس کے بعد کمپنی نے فوری طور پر معاملہ کموڈٹی فیوچرز ٹریڈنگ کمیشن کے حوالے کر دیا۔

کلشی کمپنی نے مشتبہ اکاؤنٹ کو منجمد کرتے ہوئے 90 ہزار ڈالر سے زائد کی رقم نکلوانے سے بھی روک دی۔

گیبریل پیریز نے تقریباً 3 ماہ کے دوران صدر ٹرمپ کی ایک درجن سے زائد اہم تقاریر، جن میں اسٹیٹ آف دی یونین اور عالمی اقتصادی فورم سے متعلق خطاب بھی شامل تھے پر شرطیں لگائیں۔

بعض اطلاعات کے مطابق جب صدر ٹرمپ تقریر کے دوران تحریری متن سے ہٹ کر بولنے لگتے تو وہ اپنی شرطوں میں فوری تبدیلی بھی کرتے تھے۔ 

مینشن مارکیٹس کیا ہیں؟

آن لائن پریڈکشن پلیٹ فارم کلشی پر صارفین یہ پیش گوئی کرتے ہیں کہ کسی رہنما یا اہم شخصیت کی تقریر میں مخصوص لفظ، جملہ یا موضوع کا ذکر ہوگا یا نہیں۔

مثال کے طور پر کسی رہنما کے خطاب میں چین، مہنگائی، امریکا فرسٹ یا دیگر اصطلاحات کے استعمال پر شرط لگائی جا سکتی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ تقریر کا متن پہلے سے معلوم ہونا کسی بھی شرط لگانے والے کو غیر معمولی برتری فراہم کر سکتا ہے۔

وائٹ ہاؤس کا ردعمل

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹ نے تصدیق کی ہے کہ صدر ٹرمپ کو اس معاملے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

کیرولین لیوٹ نے بتایا کہ گیبریل پیریز کو فوری طور پر بغیر تنخواہ انتظامی رخصت پر بھیج دیا گیا ہے اور وہ آئندہ وائٹ ہاؤس میں اپنی ذمہ داریاں انجام نہیں دیں گے۔

امریکی ترجمان نے اس معاملے کو انتہائی افسوسناک اور شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اخلاقی ضابطوں کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گی۔

وفاقی تحقیقات جاری

وفاقی ریگولیٹر اس بات کا جائزہ لے رہا ہے کہ آیا گیبریل پیریز نے خفیہ سرکاری معلومات کو مالی فائدے کے لیے استعمال کر کے قوانین کی خلاف ورزی کی یا نہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق فریقین کے درمیان ممکنہ تصفیے پر بھی بات چیت جاری ہے جس میں مبینہ منافع واپس کرنا اور مستقبل میں ایسی سرگرمیوں سے اجتناب شامل ہو سکتا ہے تاہم تاحال کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔ 

واضح رہے کہ امریکا میں پریڈکشن مارکیٹس تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں تاہم حساس سرکاری معلومات رکھنے والے افراد کی جانب سے ان پلیٹ فارمز کے استعمال سے مفادات کے ٹکراؤ اور اندرونی معلومات کے ناجائز استعمال کے خدشات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

Load Next Story