کراچی؛ جماعت اسلامی کے دفتر پر دستی بم حملے کا ملزم گرفتار
فوٹو: پولیس
کراچی چاکیواڑہ پولیس نے لیاری چاکیواڑہ پھول پتی لائن میں چند روز قبل جماعت اسلامی کے زیر تعمیر دفتر پر دستی بم حملے میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت نبیل کے نام سے ہوئی ہے اور اس کے قبضے سے پستول اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں اور پولیس گرفتار ملزم سے دستی بم حملے اور اس میں ملوث ملزم کے بارے میں مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی معلومات، تکنیکی شواہد، فارنزک رپورٹ اور گواہوں کے بیانات سمیت دیگر دستیاب شواہد کی روشنی میں پولیس دستی بم حملے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے جو کہ منشیات فروشی سمیت دیگر جرائم میں بھی ملوث بتایا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ لیاری کے علاقے پھول پتی لائن میں جماعت اسلامی کے زیر تعیمر دفتر پر 15 جولائی بروز کو رات گئے روسی ساختہ آر جی ڈی ون دستی بم سے حملہ کیا گیا تھا جس کے پھٹنے سے جماعت اسلامی کے 3 کارکنان زخمی ہوئے تھے اور علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔
چاکیواڑہ پولیس نے دستی بم حملے میں زخمی ہونے والے کارکن عبدالباقی کی مدعیت میں نامعلوم ملزم کے مقدمہ درج کیا تھا۔