800 لیویز اہلکاروں کو زبردستی روکنے اور مشقت لینے کے الزامات جھوٹ ہیں، پولیس ٹریننگ سینٹر کوئٹہ
(فوٹو : فائل)
پولیس ٹریننگ سینٹر (پی ٹی سی) کوئٹہ کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر زیر گردش اس خبر کو بے بنیاد، گمراہ کن اور منفی پروپیگنڈا دیا ہے جس میں 800 لیویز اہلکاروں کو غیرقانونی طور پر روکے رکھنے اور ان سے مشقت لینے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لیویز اہلکاروں کی ریفریشر ٹریننگ اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور تربیتی امتحانات تقریباً مکمل کیے جا چکے ہیں صرف فائرنگ ٹیسٹ کا باقی ماندہ حصہ ایمونیشن موصول ہوتے ہی مکمل کرایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ تربیت کے دوران لیویز اہلکاروں کو قواعد و ضوابط کے مطابق 10 روزہ تعطیلات بھی دی گئی تھیں، جبکہ ٹریننگ کے دوران انہیں تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ایمونیشن کی فراہمی کے بعد سالانہ نتائج مرتب کیے جائیں گے، جس کے بعد تمام لیویز اہلکاروں کو ضابطے کے مطابق ان کے متعلقہ اضلاع روانہ کر دیا جائے گا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس ٹریننگ سینٹر کوئٹہ میں فراہم کی جانے والی تربیت، رہائش، خوراک اور دیگر سہولیات ملک کے دیگر تربیتی مراکز کے مقابلے میں بہتر ہیں اور تمام لیویز اہلکار اپنی تربیت سے مطمئن اور منظم انداز میں تربیتی عمل مکمل کر رہے ہیں اور تربیت مکمل ہوتے ہی تمام لیویز اہلکاروں کو قواعد و ضوابط کے مطابق ان کے اضلاع واپس بھیج دیا جائے گا۔
ترجمان نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی خبر حقائق کے منافی ہے اور عوام سے اپیل ہے کہ غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین کرنے کے بجائے مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔