سعودی عرب نے’ملٹی پل انٹری ویزا‘ متعارف کرادیا؛ ایک سال میں متعدد بار عمرے کی اجازت

مجموعی طور پر لگاتار 90 دن تک عمرے کے لیے قیام ممکن ہوگا جب کہ اس کے علاوہ بھی متعدد بار آیا جاسکے گا

سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان نے معتمرین کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی کی ہدایت کی ہے

سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے اللہ کے مہمانوں کی سہولت کے لیے پالیسی میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے ایک نئی سہولت کا آغاز کردیا۔

سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی کے مطابق خادم حرمین شریفین کے حکم پر معتمرین کے لیے ایک سالہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا متعارف کرا دیا ہے۔

ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا کے تحت بیرونِ ملک سے آنے والے معتمرین ایک سال کے دوران متعدد بار سعودی عرب میں داخل ہوسکیں گے جبکہ مجموعی طور پر 90 روز تک قیام کی اجازت ہوگی۔

نیا ویزا اجرا کی تاریخ سے 365 دن تک مؤثر رہے گا اور مقررہ ضوابط پورے کرنے کی صورت میں اس کے حامل افراد ایک سال کے دوران کئی بار عمرے کی غرض سے سعودی عرب کا سفر کر سکیں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ملٹی پل انٹری ویزا رکھنے والے معتمر کو ہر نئے سفر سے قبل نسک پلیٹ فارم کے ذریعے منظور شدہ سروس فراہم کنندہ سے سروس پیکج خریدنا ہوگا۔ اس پیکج کی مدت ویزا کی باقی ماندہ مدت سے زیادہ نہیں ہوسکتی۔

وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ سعودی عرب روانگی سے قبل نسک ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ حاصل کرنا بھی لازمی ہوگا جس کے بغیر عمرہ ادا کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

بیان میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ یہ ویزا ہر بار سعودی عرب سے روانگی کے بعد خودکار طور پر غیر فعال ہوجائے گا اور اگلے سفر سے پہلے تمام شرائط پوری ہونے پر دوبارہ فعال کیا جائے گا۔

وزارت حج و عمرہ کے بقول یہ ویزا یکم ذوالقعدہ سے 13 ذوالحج تک یعنی حج سیزن کے دوران قابلِ استعمال نہیں ہوگا اور اس عرصے میں ملٹی پل ویزے پر سعودی عرب میں داخلہ ممکن نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ اس نئی سہولت سے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عمرے کے لیے زیادہ بہتر سفری منصوبہ بندی کا موقع ملے گا جبکہ ڈیجیٹل خدمات کے ذریعے معتمرین کو بہتر اور تیز رفتار سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔

 

Load Next Story