اماراتی بندرگاہ فجیرہ کے قریب تجارتی جہاز پر حملہ؛ گولہ ٹکرانے سے شدید نقصان پہنچا
متحدہ عرب امارات کی بندرگاہ پر تیل بردار جہاز پر حملہ
متحدہ عرب امارات کی اہم بندرگاہ فجیرہ کے قریب ایک تجارتی جہاز نامعلوم حملے کی زد میں آ گیا جس کے نتیجے میں جہاز کے اسٹیئرنگ سسٹم کو نقصان پہنچا۔
برطانوی بحری تجارتی آپریشنز مرکز یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے بتایا کہ یہ واقعہ دبّا کے مشرق میں تقریباً 17 بحری میل کے فاصلے پر پیش آیا جو فجیرہ بندرگاہ کے قریب واقع علاقہ ہے۔
جہاز کے عملے نے اطلاع دی کہ ایک نامعلوم سمت سے گولہ یا میزائل نما کوئی شے جہاز سے ٹکرائی ہے جس سے اسٹیئرنگ سسٹم کو نقصان پہنچا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ خلیج عمان اور آبنائے ہرمز کے قریب سے گزرنے والے تمام تجارتی جہازوں کو انتہائی احتیاط برتنے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث خلیج عمان، آبنائے ہرمز اور متحدہ عرب امارات کے ساحلی علاقوں میں تجارتی جہازوں پر حملوں کے متعدد واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔
گزشتہ ہفتوں میں بھی مختلف آئل ٹینکروں اور تجارتی جہازوں کو نامعلوم پروجیکٹائل، ڈرون یا میزائل حملوں کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس سے عالمی بحری تجارت اور توانائی کی ترسیل کے بارے میں خدشات بڑھ گئے ہیں۔
تاحال کسی گروپ یا ملک نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ حکام کے بقول واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد ہی اس کی نوعیت اور ذمہ دار عناصر کے بارے میں کچھ کہنا ممکن ہوگا۔