کراچی، شہر میں دو مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق
شہر قائد میں لیاقت آباد کے علاقے اعظم نگر میں ذاتی جھگڑے کے دوران تیز دھار آلے کے وار سے 16 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا جبکہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرکے آلۂ قتل بھی برآمد کرلیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ لیاقت آباد کے علاقے اعظم نگر گلی نمبر ایک میں پیش آیا جہاں ذاتی جھگڑے کے دوران 16 سالہ عدنان پر تیز دھار آلے سے حملہ کیا گیا۔ زخمی نوجوان کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی ملزم حارث کو گرفتار کر لیا گیا اور اس کے قبضے سے آلۂ قتل بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ پولیس واقعے کے مختلف پہلوؤں پر مزید تفتیش کر رہی ہے۔
دوسری جانب کورنگی کے علاقے ابراہیم حیدری چشمہ گوٹھ کے قریب ایک شخص گٹر میں گرنے کے باعث جاں بحق ہوگیا۔
چھیپا فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا۔
چھیپا حکام کے مطابق متوفی کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی تاہم اس کی عمر تقریباً 35 سال بتائی جاتی ہے۔ پولیس واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہے۔