کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے 2 زخمیوں سمیت 3 ڈاکو گرفتار
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران 2 زخمیوں سمیت تین ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی۔
پولیس کے مطابق لیاقت آباد کے علاقے سندھی ہوٹل کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران دو مبینہ ڈاکو گرفتار کیے گئے۔
زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت سید عہد علی کے نام سے ہوئی، جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ دوسرے گرفتار ملزم ارتضیٰ محمود کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانے منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون، نقد رقم اور ایک موٹرسائیکل بھی برآمد کی گئی ہے، جبکہ ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب ناظم آباد کے علاقے گجر نالے کے قریب بھی مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی شناخت عامر کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے، جبکہ اس کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔