پی ٹی آئی لیڈرشپ سے کہتی ہوں آپ بھی ہمارے ساتھ نکلیں اور احتجاج کی قیادت کریں، علیمہ خان
فوٹو: فائل
عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت سے کہتی ہوں آپ بھی ہمارے ساتھ نکلیں ہم اکیلے کتنا کر سکتے ہیں؟ اپنے ایم پی ایز، ایم این ایز کو کہتے ہیں آگے آئیں اور احتجاج کی قیادت کریں۔
راولپنڈی اڈیالہ روڈ فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفت گو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کس حال میں ہیں؟ اس بارے میں ایک لفظ کی بھی معلومات نہیں، یہ عالمی و مقامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، یہ سارے جج کرمنل ہیں، جس جج نے عمران خان کے خلاف فیصلہ دیا اسے اعلی عدلیہ کا جج بنا دیا گیا، جج دلاور جیسے ججوں کو جیل میں ڈالنا چاہیے۔
انہوں ںے کہا کہ ہم اپنے بھائی کے لیے نکلے ہیں اور لوگوں کا جذبہ دیکھر ہمیں بھی حوصلہ ملا، ہر شہر سے لوگ ہمیں وہاں جانے کی دعوت دے رہے ہیں، پی ٹی آئی لیڈر شپ سے کہتے ہیں آپ بھی نکلیں ہم اکیلے کتنا کر سکتے ہیں؟ ہم اپنے ایم پی ایز، ایم این ایز کو کہتے ہیں آگے آئیں اور قیادت کریں۔
علیمہ خان نے کہا کہ بیرسٹر گوہر سے ملاقات میں یہی بات ہوئی تھی کہ کیا لائحہ عمل ہونا چاہیے، بیرسٹر گوہر علی نے یقین دلایا کہ ہم حکومت پر دباؤ ڈالیں گے کہ بانی کا علاج اور ملاقاتیں ہوں، عدالتی احکامات کے مطابق 18 لوگ ہفتے میں ملیں گے تو حقوق بحال ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت علم نہیں بانی کی کیا صورتحال ہے مگر یہ وقت ہے عوام سڑکوں پر نکلیں اور دباؤ ڈالیں ، لوگوں میں مایوسی نہیں بہت زیادہ غصہ ہے اور یہ اچھا نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کے پی میں جب اچھا کام ہو رہا ہے، اس پر مین اسٹریم میڈیا کبھی بات نہیں کرے گا۔