پینٹاگون نے عراق میں ایرانی ڈرون سے ہلاک ہونے والے امریکی فوجی کی شناخت ظاہر کردی
پینٹاگون نے عراق میں ایرانی ڈرون سے ہلاک ہونے والے امریکی فوجی کی شناخت ظاہر کردی
امریکا کے پینٹاگون نے عراق میں ایک ایرانی ڈرون کو ناکارہ بنانے کی کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے اپنے فوجی کی شناخت ظاہر کر دی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے فوجی 30 سالہ سارجنٹ مائیکل ایمانوئل سوِنٹن تھے جن کا تعلق ریاست نارتھ کیرولائنا سے تھا۔
امریکی فوج کے جاری کردہ بیان کے مطابق سارجنٹ سوِنٹن اتوار کے روز شمالی عراق کے شہر اربیل میں واقع ایک فضائی اڈے پر قبضے میں لیے گئے ایک ایرانی ڈرون کو محفوظ طریقے سے ناکارہ بنانے کی کارروائی میں شریک تھے۔
اسی دوران کنٹرولڈ ڈیٹونیشن کے عمل کے دوران ایک دھماکا ہوا جس میں وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئیں۔
پینٹاگون نے اعلان کیا ہے کہ سارجنٹ مائیکل سوِنٹن کو بعد از وفات امریکی فوج کے اہم عسکری اعزازات برونز اسٹار، پرپل ہارٹ اور کمبیٹ ایکشن بیج سے نوازا جائے گا جب کہ بعد از وفات اسٹاف سارجنٹ کے عہدے پر بھی ترقی دی جائے گی۔
خیال رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان چند دنوں کی جنگ بندی کے بعد شروع ہونے والی جنگ میں فریقین کی جانب سے ایک دوسرے پر حملے جاری ہیں جب کہ ایران نے خلیجی ممالک میں امریکی فوجیوں کو نشانہ بنایا ہے۔
ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی اردن، مصرم کویت اور بحرین میں کی گئی حالیہ فوجی کارروائیوں میں امریکا کے 5 سے زائد فوجی ہلاک اور 12 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جب کہ ایک لاپتا ہے۔
ادھر پینٹاگون نے آج میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ ایران کے ساتھ جنگ کے دوران خلیجی ممالک میں 100 کے قریب امریکی فوجی زخمی ہوگئے۔ اس سے قبل پینٹاگون صرف اتنا بتا چکا تھا کہ 28 فروری سے اب تک ایرانی حملوں میں 14 امریکی فوجی ہلاک جبکہ 427 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔