اجناس کی عالمی منڈیوں میں گزشتہ ہفتے ملا جلا رجحان

خام تیل 2 ڈالر فی بیرل، سونا 16 ڈالر فی اونس سستا، چاندی وپلاٹینم کے نرخ بھی کم

پلاڈیم، تانبے، جست سمیت بیشتر صنعتی دھاتوں اور چینی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔ فوٹو: فائل

امریکی وچینی اقتصادی صورتحال اور جغرافیائی وسیاسی کشیدگی میں کمی کے نتیجے میں اجناس کی عالمی منڈیوں میں گزشتہ ہفتے ملا جلا رجحان رہا۔

گزشتہ ہفتے خام تیل کی قیمتیں اتار چڑھاؤ کے بعد 2 ڈالر تک گھٹ گئیں، کاروباری ہفتے کے اختتام پر جمعہ کو نیویارک کی مرکنٹائل ایکس چینج میں ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ یا لائٹ سوئٹ کروڈ کے اکتوبر میں فراہمی کے لیے سودے 95.63 ڈالر سے گھٹ کر 93.65 ڈالر فی بیرل میں طے پائے جبکہ لندن کی انٹر کانٹینینٹل ایکس چینج میں برینٹ نارتھ سی خام تیل کی اکتوبر میں فراہمی کے لیے قیمت 102.32 ڈالر سے معمولی کم ہو کر 102.29 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔


گزشتہ ہفتے لندن بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 1296 ڈالر سے گھٹ کر 1280 ڈالر فی اونس پر بند ہوئی جبکہ چاندی کے نرخ 19.86 ڈالر سے گھٹ کر 19.49 ڈالر فی اونس ہوگئے، لندن پلاٹینم اینڈ پلاڈیم مارکیٹ میں پلاٹینم کی قیمت 30 ڈالر کمی کے نتیجے میں 1446 ڈالر سے نیچے آ کر 1416 ڈالر فی اونس اور پلاڈیم کی 878 ڈالر سے بڑھ کر 883 ڈالر فی اونس ہوگئی۔

لندن میٹل ایکس چینج میں گزشتہ ہفتے بیشتر صنعتی دھاتوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا، تانبے کی قیمت ایک ہفتے کے دوران 6 ہزار845 ڈالر سے بڑھ کر 7058 ڈالر فی ٹن، ایلومینیم کی 2 ہزار3 ڈالر سے بڑھ کر 2064 ڈالر فی ٹن، لیڈ کی 2 ہزار 119 ڈالر سے بڑھ کر 2 ہزار 254 ڈالر فی ٹن، ٹین کی 22 ہزار 400 ڈالر سے گھٹ کر 22 ہزار 225 ڈالر فی ٹن، قلعی کی 18 ہزار700 سے بڑھ کر 18 ہزار 832 ڈالر فی ٹن اور جست کی 2 ہزار 272 ڈالر سے بڑھ کر 2 ہزار 359 ڈالر فی ٹن ہوگئی، لندن فیوچر ایکس چینج ایل آئی ایف ایف ای میں گزشتہ ہفتے چینی کی اکتوبر میں فراہمی کے لیے قیمت 431 ڈالر سے بڑھ کر 432 ڈالر فی ٹن ہوگئی۔
Load Next Story