لا لیگا سربراہ کا فیفا صدر جیانی انفانٹینو سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

فیفا کی جانب سے ورلڈکپ اور دیگر مقابلوں میں مسلسل اضافہ کرنے سے مقامی لیگز اور کلبوں پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے، تیباس

ہسپانوی فٹبال لیگ لا لیگا کے صدر خاویر تیباس نے فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق لا لیگا کے صدر خاویر تیباس نے الزام عائد کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں غیر ضروری توسیع کے ذریعے عالمی فٹبال کے نظام کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

ایک اطالوی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے تیباس نے کہا کہ ان کے خیال میں انفانٹینو کا دور ختم ہو چکا ہے اور اب انہیں عہدہ چھوڑ دینا چاہیے۔

تیباس نے کہا کہ فیفا کی جانب سے ورلڈ کپ اور دیگر مقابلوں میں مسلسل اضافہ کرنے سے مقامی لیگز اور کلبوں پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے جبکہ میچوں کی بھرمار نے کھلاڑیوں کے شیڈول کو بھی متاثر کیا ہے۔

ان کے مطابق فٹبال سے وابستہ بہت سے افراد نجی طور پر انفانٹینو کی پالیسیوں سے اختلاف کرتے ہیں، مگر کوئی بھی ان کے خلاف انتخاب لڑنے کو تیار نہیں کیونکہ موجودہ نظام میں کامیابی کے امکانات کم ہیں۔

لا لیگا سربراہ نے امریکی فارورڈ فولارین بالوگن کی معطلی مؤخر کیے جانے کے فیصلے پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے اسے تشویشناک قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر اس معاملے کے مختلف نتائج سامنے آتے تو فیفا قیادت کے لیے بڑا بحران پیدا ہو سکتا تھا۔

تیباس کے مطابق ایسے واقعات صرف بڑے مسائل کی ایک جھلک ہیں۔

Load Next Story