پاکستان اور ایران کا تجارت پر اہم پیشرفت، فیصلہ کن مذاکرات متوقع

ایرانی نائب وزیر ٹرانسپورٹ مہران قربانی اور نائب وزیر اقتصادی امور مہدی دوستی نے بلال اظہر کیانی سے ملاقات کی

فوٹو: فائل

پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے اور دونوں ممالک کے اعلیٰ سطح کے تجارتی وفد کی پاکستان آمد اور فیصلہ کن مذاکرات متوقع ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ ایران کے اعلیٰ سطح کے تجارتی وفد کا اگست کے پہلے ہفتے میں پاکستان پہنچنے کا امکان ہے اور اس موقع پر پاک-ایران تجارت کے حوالے سے اسلام آباد میں اہم اور فیصلہ کن مذاکرات متوقع ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ سرینا اسلام آباد میں تین روزہ اہم تجارتی اجلاس اور بڑے فیصلوں کا امکان ہے، دوطرفہ تجارت کے حوالے سے دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام آمنے سامنے ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ کسٹمز، سرحدی تجارت اور تجارتی رکاوٹوں کے حوالے سے اہم مشاورت ہوگی، متعدد اہم تجاویز میز پر رکھے جانے کا امکان ہے، پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی روابط مزید مضبوط بنانے کی حکمت عملی تیار ہوگی۔

مزید بتایا گیا کہ اہم دورے سے پاک-ایران تجارتی تعلقات میں بڑی پیش رفت کی توقع ہے۔

وفاقی وزارت خزانہ کے مطابق ایرانی نائب وزیر ٹرانسپورٹ مہران قربانی اور نائب وزیر اقتصادی امور مہدی دوستی کی بلال اظہر کیانی سے ملاقات ہوئی اور اس موقع پر پاک-ایران اقتصادی تعاون، تجارت اور کنیکٹیویٹی کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔

وزارت خزانہ کے مطابق وزیر مملکت برائے خزانہ اور ریلوے بلال اظہر کیانی نے ایرانی وفد کا خیرمقدم کیا اور ملاقات میں سیکریٹری تجارت، ایف بی آر، ایس آئی ایف سی، اسٹیٹ بینک، پیٹرولیم، مواصلات اور ریلوے کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔

Load Next Story