امریکی عوام میرے ساتھ کھڑے ہیں، ایران کو بھاری قیمت چکانا ہوگی، ٹرمپ کا دعویٰ

ایران کو بہت بری طرح تباہ کیا جا رہا ہے، امریکی صدر

ایرانی سپریم لیڈر کی ان کے عوام اور حکومت بھی احترام کرتے ہیں، امریکی صدر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں ایران جنگ میں اپنی کامیابیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایران کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اس جنگ میں ایران بہت بڑی قیمت ادا کرے گا اُسے بری طرح تباہ کیا جا رہا ہے۔

صدر ٹرمپ سے سوال کیا گیا کہ ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ کے دوران امریکی فوجیوں کی ہلاکتوں میں اضافے کے باوجود کیا عوام اس جنگ کی حمایت کرتے ہیں؟

جس پر ٹرمپ نے جواب دیا کہ امریکی عوام جنگ کے خلاف نہیں ہیں۔ یہ ٹھیک ہے وہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نہیں چاہتے لیکن وہ ایران سے جنگ کے خلاف بھی نہیں ہیں۔ ایک نئے سروے میں یہ بات واضح ہو گئی ہے۔

تاہم صدر ٹرمپ نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کس سروے کا حوالہ دے رہے تھے جس کے باعث ان کے دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔ اس کے برعکس حالیہ رائے عامہ کے متعدد سروے ٹرمپ کے دعوے سے مختلف نتائج سامنے لاتے ہیں۔

پیو ریسرچ سینٹر کے مارچ اور مئی 2026 کے سروے کے مطابق تقریباً 60 فیصد امریکیوں نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کو غلط فیصلہ قرار دیا۔

سروے میں اتنی ہی تعداد نے ایران سے متعلق ٹرمپ کی پالیسی کو ناپسند کیا۔ صرف لگ بھگ ایک تہائی افراد نے امریکی صدر کے مؤقف کی حمایت کی۔

اسی طرح رائٹرز/ایپسوس کے حالیہ سروے میں بھی صرف 37 فیصد امریکیوں نے ایران پر امریکی حملوں کی حمایت کی جبکہ اکثریت نے جنگ کے طویل ہونے اور اس کے معاشی اثرات پر تشویش کا اظہار کیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق ایران کے ساتھ جاری جنگ پر اب تک اربوں ڈالر خرچ ہو چکے ہیں جبکہ متعدد امریکی فوجی ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔ جنگ کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، جس کے اثرات امریکی معیشت اور ٹرمپ کی عوامی مقبولیت پر بھی پڑ رہے ہیں۔

 

Load Next Story