کراچی میں پاکستان کی بلند ترین جدید عمارت ’’برج قائد‘‘ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا
فوٹو فیس بک اے بی ایس ڈویلپرز
کراچی ڈی ایچ اے گالف کلب کراچی میں پاکستان کی بلند ترین عمارت برج قائد کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا، 82 منزلہ دو ٹاور تعمیر کیے جائیں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈی ایچ اے گالف کلب کراچی میں برج قائد کے نام سے 82 منزلہ دو ٹاور کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے کراچی مہمان خصوصی تھے جبکہ دیگر مہمانوں میں ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے سٹی، بڑی تعداد میں بلڈر اینڈ ڈیولپرز بھی موجود تھے۔
انتظامیہ نے تقریب میں بتایا گیا کہ برج قائد کل چھ ایکڑ رقبے پر تعمیر ہوں گے جبکہ پاکستان کے بلند ترین ٹاورز کی تعمیر کے لئے سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان سے منظوری بھی لی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے سٹی بریگیڈئیر کاشف نعیم نے کہا کہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ پاکستان کے معاشی انجن کو چلانے میں کردار ادا کرنے کے لیے سب جمع ہیں، یہ منصوبہ طرز تعمیر کا شاہکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں سے بی ایس ڈیویلپرز کی ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، اس قسم کے منصوبے پاکستان کے روشن مستقبل کے عکاس ہیں۔ یہ ائیکونک ٹاورز تعمیری صنعت میں نئے باب کا آغاز اور گیم چینجر ثابت ہوں گے۔
انتظامیہ کے مطابق یہ پروجیکٹ ڈی ایچ اے میں کاروباری مواقعوں کو بڑھانے میں موثر کردار جبکہ رہائشی اور کمرشل سرگرمیوں میں تیزی کا سبب بنیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ڈی ایچ اے سٹی رہائشی اور تجارتی سرگرمیوں کے لئے محفوظ ماحول فراہم کررہا ہے، ملک کے بلڈرز اور ڈیویلپرز کو یہاں آنے اور سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈی ایچ اے سٹی میں شوکت خانم کینسر اور ڈاؤ اسپتال کی تعمیر بھی جاری ہے، پاکستان خصوصاً کراچی میں جدید طرز تعمیر کو متعارف کرانا ڈی ایچ اے کا بنیادی مقصد ہے۔
اے بی ایس ڈویلپرز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر سبئیل اکرام نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے پاکستان کی سب سے بڑی عمارت مجھ سے تعمیر کروانا تھی اس لئے اس شہر سے تعلق بنوایا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ پر توکل صرف میرے ساتھ ہے جبکہ میں خود زیرو ہوں، پہلے بھی منصوبے وقت سے پہلے مکمل کرکے لوگوں کو دئیے ہیں۔ ڈاکٹر سبئیل نے کہا کہ میں انجینئر اور والد ڈاکٹر جبکہ ہمارا کاروباری پس منظر ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2015 سے کاروبار کا آغاز کیا اور محض نیک نیتی ساتھ تھی، 20 ہزار سے زائد ممبران کو ہماری کمپنی ڈیل کررہی ہے اور ایک بھی متاثرہ نہیں ہے۔ ہمارا ہدف کلئیر ہے کہ پاکستان کے معاشی استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہےْ
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ نے ہمیں وژن دیا کہ ایسا کاروبار کرنا ہے کہ ملک کو اس کا فائدہ ہو جبکہ ہم چاہتے ہیں یہ منصوبے پاکستان کو دنیا کے ساتھ جوڑںے کا سبب بنیں، ٹاورز کی تعمیر سے روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے۔