پاکستان کو بڑا دھچکا، اہم کھلاڑی ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کیخلاف سیریز سے باہر

مڈل آرڈر بیٹر اویس ظفر کے ٹیسٹ ڈیبیو کے امکانات روشن ہو گئے ہیں

پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے اوپنر عبداللہ فضل کمر کے نچلے حصے میں انجری کے باعث ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق یہ انجری جمعرات کو ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ سیشن کے دوران پیش آئی جہاں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔

ایم آر آئی اسکین اور طبی معائنے کے بعد ٹیم کے میڈیکل پینل نے انہیں بحالی کے عمل سے گزرنے کا مشورہ دیا ہے جبکہ متبادل کھلاڑی کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

23 سالہ عبداللہ فضل نے مئی میں بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور اپنے پہلے ہی میچ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بنائی تھیں۔

ویسٹ انڈیز سلیکٹ الیون کے خلاف وارم اپ میچ میں بھی وہ دونوں اننگز میں ناٹ آؤٹ رہے اور بالترتیب 50 اور 48 رنز اسکور کیے تھے۔

ان کی عدم موجودگی میں مڈل آرڈر بیٹر اویس ظفر کے ٹیسٹ ڈیبیو کے امکانات روشن ہو گئے ہیں جبکہ امام الحق کے دوبارہ اوپننگ جوڑی کا حصہ بننے کی توقع ہے۔

قومی کپتان بابر اعظم نے عبداللہ فضل کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باصلاحیت اور پراعتماد نوجوان کھلاڑی ہیں جن کا ٹیم سے باہر ہونا پاکستان کے لیے بڑا نقصان ہے۔

Load Next Story