پاکستان کیخلاف سیریز، جو روٹ انگلینڈ کے عبوری کپتان بننے کے مضبوط امیدوار
پاکستان کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز سے قبل انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی قیادت اور کوچنگ کے حوالے سے صورتحال ابھی تک غیر یقینی ہے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق تجربہ کار بلے باز جو روٹ کو عبوری ٹیسٹ کپتان جبکہ مارکس ٹریسکوتھک کو عارضی ہیڈ کوچ مقرر کیے جانے کا قوی امکان ہے تاہم انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے تاحال حتمی فیصلہ نہیں کیا۔
ای سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر روب کی نئے ٹیسٹ ہیڈ کوچ کی تلاش میں مختلف امیدواروں سے رابطے کر رہے ہیں جن میں اسٹیفن فلیمنگ، جوناتھن ٹروٹ، رچرڈ ڈاسن اور ٹام موڈی شامل ہیں۔
مستقل کوچ کی تقرری امیدوار کی موجودہ ذمہ داریوں کے باعث کچھ تاخیر کا شکار ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب 35 سالہ جو روٹ اس وقت عبوری کپتانی کے لیے مضبوط ترین امیدوار سمجھے جا رہے ہیں۔
وہ 2017 سے 2022 تک انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں اور حال ہی میں بین اسٹوکس کی عدم موجودگی میں نیوزی لینڈ کے خلاف بھی ٹیم کی قیادت کی تھی۔
دوسری جانب ہیری بروک بھی مستقبل کے مستقل کپتان کے طور پر زیر غور ہیں تاہم ای سی بی آئندہ ایشیز سیریز کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد فیصلہ کرنا چاہتا ہے۔
انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 19 اگست سے ہیڈنگلے میں ہوگا۔