نسیم شاہ ایک بار پھر سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کا حصہ بن گئے

اس سے قبل وہ 2021 اور 2025 کے سیزن میں بھی اس فرنچائز کا حصہ رہ چکے ہیں

پاکستان کے فاسٹ بولر نسیم شاہ ایک بار پھر سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کا حصہ بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق نسیم شاہ کو 2026 کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کے لیے سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس نے اپنی اوورسیز اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔

23 سالہ نسیم شاہ تیسری مرتبہ پیٹریاٹس کی نمائندگی کریں گے۔ اس سے قبل وہ 2021 اور 2025 کے سیزن میں بھی اس فرنچائز کا حصہ رہ چکے ہیں۔

پاکستان کے لیے 37 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے نسیم نے پیٹریاٹس کی جانب سے 11 میچوں میں 17 وکٹیں حاصل کیں جہاں ان کی اوسط 28 جبکہ اکانومی ریٹ 8.04 رہا۔

پیٹریاٹس نے سری لنکا کے داسن شناکا اور ونندو ہسارنگا، افغانستان کے وقار سلام خیل اور آسٹریلیا کے نکھل چودھری کو بھی اوورسیز کھلاڑیوں کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔

گزشتہ سیزن میں آخری پوزیشن پر رہنے والی پیٹریاٹس ٹیم اپنی نئی مہم کا آغاز 8 اگست کو دفاعی چیمپئن ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کے خلاف آرنوس ویل اسٹیڈیم میں کرے گی۔

ٹورنامنٹ 7 اگست سے 20 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔

Load Next Story