انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کا انفانٹینو کیخلاف شکایت پر تحقیقات سے انکار
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کے خلاف دائر شکایت پر تحقیقات کرنے سے انکار کردیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیم فیئر اسکوائر نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ انفانٹینو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت میں بیانات دے کر اولمپک چارٹر میں درج سیاسی غیر جانبداری کے اصول کی خلاف ورزی کی ہے۔
شکایت کا پس منظر فیفا کے اس متنازع فیصلے سے جڑا ہے جس میں امریکا کے فارورڈ فولارن بالوگن کی ریڈ کارڈ کے بعد ایک میچ کی خودکار پابندی کو 12 ماہ کے لیے معطل کر دیا گیا تھا۔
امریکی صدر ٹرمپ نے خود اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے اس معاملے پر انفانٹینو سے رابطہ کیا تھا۔
پابندی معطل ہونے کے بعد بالوگن بیلجیئم کے خلاف ناک آؤٹ میچ میں شریک ہوئے تاہم امریکا کو 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
آئی او سی نے اپنے بیان میں کہا کہ فیفا کی اندرونی گورننس، حکومتی تعلقات اور کھیل کے قوانین پر عمل درآمد سے متعلق معاملات اس کے ضابطہ اخلاق کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے اس لیے شکایت پر کارروائی نہیں کی جا سکتی۔
دوسری جانب ناروے فٹبال فیڈریشن نے بھی اس معاملے پر فیفا کی ایتھکس کمیٹی سے رجوع کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔