کراچی، مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 6 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار، 3 فرار
فوٹو: فائل
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران چھ زخمی ملزمان سمیت مجموعی طور پر سات ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ تین ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن، موٹر سائیکل، چھینا گیا موبائل فون اور نقدی برآمد کر لی گئی۔
ترجمان ضلع ساؤتھ پولیس کے مطابق آرام باغ تھانے کی حدود میں سندھ سیکریٹریٹ کے قریب گشت کے دوران موٹر سائیکل سوار مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ کے دوران زخمی سمیت دو ملزمان گرفتار کرلئے گئ ۔
زخمی ملزم کی شناخت سلیم الدین ولد فہیم الدین جبکہ اس کا ساتھی کی مشتاق ولد تاوا کے نام سے کی گئ۔ ملزمان کے قبضے سے دو عدد 30 بور پستول، ایمونیشن اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ دوسرے ملزم کو تھانے منتقل کرکے ان کے مجرمانہ ریکارڈ کی جانچ شروع کر دی گئی۔
دوسری جانب بوٹ بیسن پولیس نے چائنہ پورٹ کے قریب گشت کے دوران مشتبہ موٹر سائیکل سوار کو روکنے کی کوشش کی تو اس نے بھی پولیس پر فائرنگ کر دی۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں آصف قریشی ولد منور نامی ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے ایک 30 بور پستول، ایمونیشن اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
پولیس کے مطابق ملزم کا سابقہ ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔ ادھر تھانہ لیاقت آباد پولیس نے سندھی ہوٹل آخری اسٹاپ، لیاری ایکسپریس وے کے قریب پولیس مقابلے کے بعد زبیر ولد بشیر اور عمران ولد زبیر کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے چھینا گیا موٹرولا موبائل فون، ایک بٹوہ اور 700 روپے نقدی برآمد ہوئی۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے فیڈرل بی ایریا سمیت مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔
ترجمان ضلع سینٹرل پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں پہلے سے بھی مقدمات درج ہیں، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
جبکہ نیو کراچی پولیس نے سیکٹر 11-I ٹاؤن آفس کے قریب گشت کے دوران مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی میں غلام قادر عرف واری ولد ایوب نامی ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
گرفتار ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول، دو زندہ راؤنڈ اور 70 سی سی ہونڈا موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ فرار ملزم کی تلاش جاری ہے۔
اسی طرح فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا پولیس نے لیاری ندی پل، شاہراہِ پاکستان بلاک 21 کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد سبطین علی ولد مرید حسین نامی ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن برآمد ہوا ہے۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اس کے کریمنل ریکارڈ اور فرار ساتھی کی تلاش کا عمل جاری ہے۔