ورلڈکپ پر تنقید کرنے والوں کو فیفا صدر کا سخت جواب

ریفریوں کے متنازع فیصلے دنیا کی بڑی لیگز میں بھی معمول کی بات ہیں، انفانٹینو

فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے 2026 فیفا ورلڈکپ پر ہونے والی تنقید پر سخت ردعمل دیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جیانی انفانٹینو نے ناقدین پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے منفی پروپیگنڈے اور بے بنیاد خبروں کو فروغ دیا جبکہ ٹورنامنٹ کی کامیابی کو نظرانداز کیا۔

ایک کھلے خط میں انفانٹینو نے کہا کہ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہونے والے ورلڈکپ کے دوران لاکھوں شائقین نے خوشی، اتحاد اور محفوظ ماحول کا تجربہ کیا لیکن ناقدین صرف خامیاں تلاش کرنے میں مصروف رہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پورے ایونٹ کے دوران کسی بڑے تشدد یا سیکیورٹی واقعے کی اطلاع نہیں ملی اور فیفا نے دنیا کا بہترین کھیلوں کا ایونٹ کامیابی سے منعقد کیا۔

تاہم ورلڈکپ کے دوران امریکی ویزا پابندیوں، ریفری کے بعض فیصلوں اور انضباطی معاملات پر فیفا کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

انفانٹینو نے کہا کہ ریفریوں کے متنازع فیصلے دنیا کی بڑی لیگز میں بھی معمول کی بات ہیں اس لیے صرف فیفا ورلڈکپ کو نشانہ بنانا مناسب نہیں ہے۔

انہوں نے ایران، ہیٹی اور دیگر مشکلات سے دوچار ممالک کی شرکت کو فٹبال کی عالمی یکجہتی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے اور ٹیموں کی کوششوں کا احترام کیا جانا چاہیے۔

Load Next Story