آزاد کشمیر میں ووٹنگ کے لیے عوام کا نہ نکلنا انتخابی عمل پر سوالیہ نشان ہے،پی ٹی آئی

عوام کی بڑی تعداد انتخابی عمل کے بجائے اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر موجود ہے

فوٹو: فائل

اسلام آباد:

پاکستان تحریکِ انصاف نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں عوامی اعتماد کا فقدان بے نقاب ہوگیا، پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی تعداد نہ ہونے کے برابر رہی، عوام کی بڑی تعداد انتخابی عمل کے بجائے اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر موجود ہے۔

آزاد جموں کشمیر کے انتخابات پر ردعمل میں پاکستان تحریکِ انصاف نے کہا ہے کہ  حکمران جماعتیں عوام کا اعتماد کھو چکی ہیں، پاکستان تحریکِ انصاف پہلے ہی آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کا بائیکاٹ کرچکی ہے، موجودہ حالات میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات ممکن نہیں۔

پاکستان تحریکِ انصاف نے کہا کہ سب سے بڑی عوامی جماعت کی عدم شرکت سے انتخابی عمل کی ساکھ سوالیہ نشان بن گئی، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی اقتدار کی بندربانٹ میں مصروف ہیں، عوامی اعتماد، شفافیت اور حقیقی نمائندگی کے بغیر انتخابات جمہوریت کو مضبوط نہیں کر سکتے۔

پاکستان تحریکِ انصاف کا کہنا ہے کہ ایسے انتخابات کے نتائج کو عوامی رائے کا حقیقی اظہار قرار نہیں دیا جا سکتا، آزاد کشمیر کے عوام نے کمزور انتخابی شرکت اور احتجاج سے اپنا واضح پیغام دے دیا، حقیقی جمہوریت کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مساوی مواقع اور آزاد انتخابی ماحول فراہم کیا جائے۔

Load Next Story