کراچی میں بارش کا سبب بننے والا سسٹم ختم ہوگیا

اگست کے مہینے میں کراچی میں مون سون کے تحت بارشوں کا امکان رہے گا، محکمہ موسمیات

کراچی:

پیر کو شہر میں معمول سے تیز سمندری ہوائیں چلیں، رفتار 42 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں گذشتہ روز کے مقابلے میں 0.8 ڈگری کمی رہی، شہرمیں بارش کا سبب بننے والا سسٹم ختم ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو شہر میں دن بھر معمول سے تیز سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں چلیں جس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 42 کلومیٹر فی گھنٹہ (23 ناٹیکل مائلز) ریکارڈ ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق تندو تیز ہواؤں کی وجہ سے شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت گذشتہ روز کے مقابلے میں 0.8 ڈگری کمی سے 34.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

ارلی وارننگ سینٹر کی جانب سے جاری پیش گوئی کے مطابق اگلے 3 روز کے دوران جزوی ابرآلود، گرم و مرطوب رہنے کا امکان ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 تا 36 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر و ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر کے مطابق شہر میں گزشتہ دنوں بارش کا سبب بننے والا سسٹم کمزور ہونے کے بعد ختم ہوگیا، خلیج بنگال میں بننے والے ہوا کے کم دباؤ کے کراچی پر بارش کی صورت میں اثرات سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا تاہم اگست کے مہینے میں کراچی میں مون سون کے تحت بارشوں کا امکان رہے گا۔

Load Next Story