پی سی بی نے قومی ون ڈے ٹورنامنٹ کو دوبارہ چیمپئنز کپ کا نام دے دیا

اسکواڈز میں کئی ایسے کھلاڑی شامل ہیں جو قومی وائٹ بال ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنے بڑے ڈومیسٹک ون ڈے ایونٹ کو ایک بار پھر ’چیمپئنز کپ‘ کے نام سے متعارف کرانے کا اعلان کردیا ہے۔

ٹورنامنٹ 11 سے 18 اگست تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جہاں چار ٹیمیں سنگل راؤنڈ رابن مرحلے کے بعد فائنل میں ٹکرائیں گی۔ مجموعی طور پر سات میچز شیڈول ہیں۔

اس ایونٹ میں پاکستان گولڈ، پاکستان گرینز، پاکستان وائٹس اور پاکستان بلیوز کے نام سے چار ٹیمیں حصہ لیں گی جن کی قیادت بالترتیب شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کریں گے۔

اسکواڈز میں کئی ایسے کھلاڑی شامل ہیں جو قومی وائٹ بال ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں تاہم انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں میں مصروف ریڈ بال اسکواڈ اور دی ہنڈریڈ کھیلنے والے اسپنر ابرار احمد اس ایونٹ میں شریک نہیں ہوں گے۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کے مطابق اس ٹورنامنٹ کا مقصد 2027 آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے بہترین دستیاب کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ 50 اوورز کے میچز فراہم کرنا ہے۔

یاد رہے کہ 2024 میں چیمپئنز کپ کو ملکی ڈومیسٹک کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ قرار دیا گیا تھا تاہم گزشتہ سال یہ مقابلہ اسی برانڈنگ کے تحت منعقد نہیں کیا گیا تھا۔

Load Next Story