کراچی: شہری کے اندھے قتل کا معمہ حل، مقتول کی بیوی اور آشنا گرفتار

قاتل و مقتول کی بیوی کے ناجائز تعلقات تھے اور دونوں نےملکر  نذیر کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد کیا

ڈاکس پولیس نے تین روزقبل مچھر کالونی میں شہری کے اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے قتل میں ملوث مقتول کی بیوی اوراس کے آشنا کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق 25 جولائی کوڈاکس تھانے کے علاقے مچھر کالونی نالا اسٹاپ کے پاس نامعلوم ملزم نے نذیر احمد ولد نصیب اللہ نامی شخص کوسرمیں گولی مارکرشدید زخمی کردیا تھا اور موقع پر سے فرارہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پرپولیس موقع پر پہنچی اور زخمی کو شدید تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں شدید زخمی شخص دوران علاج دم توڑ گیا تھا۔

مقتول کے قتل کامقدمہ 26/377 بجرم دفعہ 34/302 کے تحت ڈاکس تھانے میں درج کیا گیا تھا ، مقدمے کے اندراج کے بعد ایس ایس پی کیماڑی کی ہدایت پر واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی اور خصوصی ٹیم نے ٹیکنیکل ذرائع اور موثر تحقیقات کی بدولت دو روز میں قاتلوں کا پتا لگا کر قتل میں ملوث عابد اللہ ولد اختر محمد نامی ملزم اور مقتول کی بیوی آمنہ کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے قتل میں استعمال ہونے والا آلہ قتل 9 ایم ایم پستول بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم عابد نے دوران انٹیروگیشن انکشاف کیا کہ وہ مقتول نذیر کے ساتھ نجی ہوٹل میں کام کرتا تھا اور اس کا نذیر کے گھر آنا جانا تھا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق قاتل و مقتول کی بیوی آمنہ کے مابین ناجائز تعلقات تھے اور دونوں نےملکر  نذیر کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد کیا۔گرفتار ملزم و ملزمہ کو مزید تفتیش اور قانونی کاروائی کے لئے انویسٹیگیشن یونٹ کے حوالے کیا گیا۔۔

Load Next Story