کراچی، نامعلوم مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر دی، باپ جاں بحق، بیٹا شدید زخمی

جاں بحق باپ اور زخمی بیٹے کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، ریسکیو ذرائع

فوٹو: فائل

کراچی:

شہر کے علاقے عزیز آباد بلاک 8 میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ اس کا بیٹا شدید زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 65 سالہ سمیع الدین رحمانی کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی 28 سالہ فصیح رحمانی ہیں۔

فائرنگ کے بعد دونوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سمیع الدین رحمانی کو عباسی شہید اسپتال میں مردہ قرار دیا گیا جبکہ زخمی بیٹے کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار مسلح ملزمان گھر میں داخل ہوئے اور فائرنگ کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی کی حالت ایسی نہیں کہ اس سے واقعے کی تفصیلات معلوم کی جا سکیں جس کے باعث تفتیش میں احتیاط سے پیش رفت کی جا رہی ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ سے چھ گولیوں کے خول اور تین گولیوں کے سکے قبضے میں لے لیے ہیں، جبکہ دیگر فرانزک شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ حملہ آور کون تھے، فائرنگ کی وجہ کیا تھی اور اس کے پیچھے محرکات کیا تھے۔

Load Next Story