وفاقی تعلیمی بورڈ نے نہم اور دہم جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا

رواں سال نہم و دہم کے امتحانات میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 92 ہزار 831 طلبہ و طالبات شریک ہوئے

اسلام آباد:

وفاقی تعلیمی بورڈ (ایف بی آئی ایس ای) نے نہم اور دہم جماعت کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا، جس میں افیرا اعجاز 1089 نمبر لے کر مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے تقریب میں بٹن دبا کر نتائج کا اعلان کیا۔

چیئرمین فیڈرل بورڈ نے بتایا کہ رواں سال نہم و دہم کے امتحانات میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 92 ہزار 831 طلبہ و طالبات شریک ہوئے۔ امتحانات کے لیے 1006 مراکز قائم کیے گئے، 2012 سپروائزری عملہ، 6996 انویجی لیٹرز اور 4855 پیپر چیکرز کی خدمات حاصل کی گئیں، جبکہ پیپر چیکنگ کے لیے 10 ہزار 706 اساتذہ نے درخواستیں دیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلی بار امتحانی پرچوں کی مارکنگ میں مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد بھی لی گئی، جبکہ نقل کے 86 کیسز رپورٹ ہوئے۔

نتائج کے مطابق افیرا اعجاز نے 1089 نمبرز کے ساتھ پہلی، آمنہ نعمان نے 1088 نمبرز کے ساتھ دوسری جبکہ حذیفہ حیدر نے 1086 نمبرز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

چیئرمین فیڈرل بورڈ کے مطابق ایس ایس سی پارٹ ون میں 1 لاکھ 50 ہزار 77 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے، جن میں سے 88 ہزار 646 کامیاب رہے، یوں کامیابی کا تناسب 59.77 فیصد رہا۔ ایس ایس سی پارٹ ٹو میں 1 لاکھ 41 ہزار 653 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے، جن میں سے 1 لاکھ 28 ہزار 70 کامیاب قرار پائے، جبکہ کامیابی کا مجموعی تناسب 91.33 فیصد رہا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہا تھا کہ یہ تقریب مستقبل کی کامیابیوں کی بنیاد ہے، آج کی دنیا میں جو خود کو نہیں بدلتا، وہ ترقی نہیں کر سکتا، جبکہ آئندہ 40 برس میں دنیا مزید تبدیل ہو جائے گی۔

خالد مقبول نے کہا کہ علم مومن کی میراث ہے اور اسے اپنی روایات کے ساتھ ہم آہنگ کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا۔ تعلیمی میدان میں طالبات نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں اور اس سال ٹاپ 10 پوزیشنز میں سے 7 طالبات نے حاصل کیں۔

وفاقی وزیر نے نے کامیاب طلبہ، والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کا ماحول مزید سازگار بنانا ہوگا اور وفاقی تعلیمی بورڈ کو دیگر صوبوں کے لیے ایک مثالی ماڈل بننا چاہیے۔

Load Next Story