لاہور: پی ٹی آئی رہنما کو قتل کرنے والے ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی
لاہور کی غالب مارکیٹ کے علاقے میں پی ٹی آئی کے رہنما عبداللہ طاہر کے قتل کے مقدمے کی تفتیش جاری ہے جبکہ واردات میں ملوث ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے جس میں انہیں کلینک کے باہر موٹر سائیکل کھڑی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
فوٹیج میں ملزمان کو واردات سے قبل اور بعد میں بازار سے موٹر سائیکل پر گزرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دونوں شوٹروں کو کلینک کے باہر موٹرسائیکل کھڑی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
دونوں ملزمان نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے موٹرسائیکل سے اترنے کے بعد بھی ہیلمٹ نہیں اتارے اور ہیلمٹ پہنے ہوئے ہی کلینک کے اندر داخل ہوئے، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کئے۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی شواہد کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔
ایس ایچ او غالب مارکیٹ رانا اویس کے مطابق مقتول عبداللہ طاہر کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے۔ مزید قانونی کارروائی جاری ہے قتل کے محرکات اور دیگر پہلوؤں پر مختلف زاویوں سے تحقیقات کی جارہی ہے۔
لاہور غالب مارکیٹ پی ٹی آئی کے رہنما عبداللہ طاہر کے قتل کا واقعہ
— Musharaf Ali Shah (@MusharafAliSha1) July 29, 2026
عبداللہ طاہر کو قتل کرنے والے شوٹروں کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی۔
دو نوں شوٹر کو کلینک کے باہر موٹرسائیکل کھڑا کرتا دیکھا جا سکتا ہے pic.twitter.com/fwVqjtjHfk
اے ایس پی انویسٹی گیشن سرکل بریرہ کے مطابق سابقہ دشمنی اور مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے جلد ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کر لیا جائے گا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور سید ذیشان رضا کا کہنا تھا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہے ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی۔