پی ای سی ایچ ایس سے اغوا نوجوان کی لاش گلستان جوہر میں جھاڑیوں سے مل گئی

مقتول کی بہادر آباد چورنگی پر واف لکس کی دکان تھی، گھر سے چند منٹ میں آنے کا کہہ کر نکلا پھر واپس نہ آیا

کراچی:

پی ای سی ایچ ایس سے اغوا نوجوان کی لاش گلستان جوہر میں واقع شادی ہال کے قریب جھاڑیوں سے مل گئی، مقتول کی بہادر آباد چورنگی پر واف لکس کی دکان تھی۔

ایکسپریس کے مطابق گلستان جوہر تھانے کے علاقے گلستان جوہر بلاک 1 شادی قلعہ شادی ہال کے قریب جھاڑیوں سے ایک نوجوان کی لاش ملی ہے جسے مبینہ طور پر بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیا گیا، اطلاع ملنے پر پولیس پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لینے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

نوجوان کی شناخت 25 سالہ میر رضا علی ولد میرحسن علی کے نام سے کی گئی، مقتول نوجوان پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی بلاک 2 کا رہائشی تھا اورمقتول نوجوان کی بہادر آباد چورنگی پر واف لکس کی دکان تھی۔

ایس ایچ او گلستان جوہر کامران قریشی کے مطابق مقتول نوجوان کی لاش ایک سے دو روز پرانی معلوم ہوتی ہے اور مقتول نوجوان کی لاش کچھ جگہوں سے جلی ہوئی بھی معلوم ہوتی ہے، لاش ناقابل شناخت تھی، مقتول نوجوان کی شناخت مقتول کے والد نے کپڑوں کی مدد سے کی۔

انھوں نے بتایا کہ مقتول کی کمر پر ایک نشان ہے پولیس کوشبہ ہے کہ مقتول کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیا گیا حتمی وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی واضح ہوگی۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ مقتول نوجوان میر رضا علی کے اغوا کا مقدمہ منگل کو اس کے والد میر حسن علی کی مدعیت میں فیروز آباد تھانے میں درج  کیا گیا تھا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ پولیس واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش کر رہی ہے تاکہ شادی قلعہ ہال کے ارد گرد لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کررہی ہے تاکہ نوجوان کے اغوا اور قتل میں ملوث ملزمان کا سراغ لگایا جاسکے۔

دوسری جانب فیروز آباد تھانے میں درج مقدمے کے متن کے مطابق مقتول 27 اور 28 جولائی کی درمیانی شب اپنی دکان سے اپنی گاڑی میں گھر آیا اور اپنی والدہ کو تقریبا 4 بجے کے قریب بتایا کہ میں 10 منٹ  کے بعد اپنے گھر کے نیچے سے ہوکر آتا ہوں، مقتول نوجوان کے پاس اس کا موبائل فون موجود تھا جب کافی دیر تک مقتول نوجوان واپس نہیں آیا تو مقتول نوجوان کی والدہ نے بیٹے کے نمبر پر کال کی تھی لیکن نمبربند تھا۔

والدہ نے اپنے شوہر میر حسن کو نیند سے اٹھا کر بتایا جس کے بعد مقتول نوجوان کے اہل خانہ اپنے طور پر اس کی تلاش اور معلومات  حاصل کرتے رہے ہیں اور مدد گار 15پر بھی اطلاع دی جس کے بعد مقتول نوجوان کے اغوا کامقدمہ فیروز آباد تھانے میں نامعلوم ملزمان کےخلاف کا درج کرلیا گیا۔

Load Next Story