کراچی، نالے میں گرنے والے بچے کی تلاش 24 گھنٹے بعد بھی جاری، اہل خانہ سراپا احتجاج
کراچی: شہر قائد کے علاقے سہراب گوٹھ مچھر کالونی میں واقعہ نور اسلام مسجد کے قریب ندی میں گر کر لاپتہ ہونے والے بچے کا تاحال سراغ 24 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی نہ لگایا جا سکا۔
سہراب گوٹھ مچھر کالونی میں واقعے ندی کے قریب گزشتہ روز کھیلتے ہوئے 4 سالہ شاویز ولد جاوید نامی بچہ گہرے پانی میں جا گرا تھا۔ ریسکیو ٹیموں کے پہنچنے سے قبل 17 سالہ گلاب ولد منظور نامی نوجوان بھی بچے کو بچانے کی کوشش کے دوران جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔
ترجمان ریسکیو 1122 اور ایدھی حکام کے مطابق بحری خدمات ٹیموں کی جانب سے منگل کی شب بچے کی تلاش میں سرچ آپریشن شروع کیا گیا جس میں ریسکیو اداروں کے غوطہ خوروں نے حصہ لیا ۔ تاہم واقعے کے 24 گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے بعد بھی لاپتہ بچے کو تلاش نہیں کیا جاسکا۔
اہل خانہ اور مکینوں کی جانب سے سپرہائی وے پر احتجاج کیا گیا۔ احتجاج کے دوران سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر سے نیو سبزی منڈی جانا والا ایک ٹریفک ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بند کردیا گیا ۔
اہل خانہ کی جانب سے ریسکیو آپریشن میں تاخیر پر احتجاج کیا گیا مظاہرین کے مطابق ریسکیو ٹیموں کی تاخیر سے آمد کے باعث ریسکیو آپریشن بروقت شروع نہیں کیا جاسکا اور بچہ ندی میں ڈوب کر لا پتہ ہوگیا۔
مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ اندھیرا ہوتے ہی سرچنگ کا عمل روک دیا جاتا ہے جبکہ علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت روشنی کا بندوبست کرکے بچے کو ندی میں تلاش کررہے ہیں۔
احتجاج کے باعث اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک جام رہا تاہم تریفک پولیس کی جانب سے متبادل راستوں پر ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کیلئے اقدامات کئے گئے۔ تاہم پولیس سے مذاکرات کے بعد سپرہائی وے پر جاری احتجاج ختم کرکے روڈ کو کھول دیا گیا جبکہ بچے کی تلاش کیلئے ریسکیو ٹیموں کا آپریشن تاحال جاری ہے۔