کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
فوٹو: فائل
شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران دو زخمی ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے اسلحہ، موبائل فون، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد کر لی۔
پولیس کے مطابق پہلا مبینہ مقابلہ سعید آباد تھانے کی حدود میں بلدیہ سیکٹر ای فور کے علاقے میں پیش آیا جہاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک مبینہ ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
زخمی ملزم کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت 33 سالہ علی گل کے نام سے ہوئی۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون، نقد رقم اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے۔
دوسری کارروائی بلال کالونی تھانے کی حدود میں نارتھ کراچی سیکٹر فائیو ای میں کی گئی جہاں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد ایک اور ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔
پولیس کے مطابق زخمی ملزم جس کی شناخت محمد فہد کے نام سے ہوئی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون اور نقد رقم برآمد کر لی گئی۔