ڈیرن سیمی کے بیان پر الزاری جوزف کا ردعمل سامنے آگیا
ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر الزاری جوزف نے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی کے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز سے متعلق ان کے فیصلے کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔
جوزف کے مطابق کرکٹ ویسٹ انڈیز نے ان کی عدم دستیابی کی وجہ ’ذاتی وجوہات‘ بتائی تھی لیکن بعد میں ڈیرن سیمی نے یہ کہہ کر تنازع کھڑا کر دیا کہ انہوں نے سلیکشن سے انکار کیا۔
جوزف نے وضاحت کی کہ وہ گزشتہ ایک سال کے دوران کمر میں دوسری اسٹریس فریکچر کی انجری سے صحت یاب ہوئے ہیں اور لمبے عرصے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ اور نیوزی لینڈ کے خلاف مسلسل پانچ ون ڈے کھیلنے کے بعد انہیں محسوس ہوا کہ ان کا جسم فوری طور پر ایک اور ٹیسٹ سیریز کے لیے تیار نہیں تھا اسی لیے انہوں نے آرام کو ترجیح دی۔
انہوں نے کہا کہ ڈیرن سیمی کا بیان مکمل پس منظر کے بغیر دیا گیا جس سے عوام میں غلط تاثر پیدا ہوا۔
تاہم جوزف نے واضح کیا کہ وہ پیشہ ور کھلاڑی ہیں اور ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کے لیے ہر وقت تیار رہیں گے کیونکہ ان کی ذمہ داری ٹیم اور اپنے ملک کے عوام کے ساتھ ہے، کسی فرد کے ساتھ نہیں۔