عمر، خوبصورتی اور کاسمیٹک سرجری؛ متھیرا نے پہلی بار کھل کر سب کچھ بتا دیا
پاکستانی ٹی وی میزبان، اداکارہ اور سوشل میڈیا شخصیت متھیرا نے اپنی عمر اور کاسمیٹک طریقۂ علاج سے متعلق پہلی بار کھل کر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی شخصیت، عمر اور زندگی کے ہر مرحلے پر پُراعتماد ہیں۔
حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران متھیرا نے بتایا کہ ان کی عمر 34 برس ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر بات ایمانداری سے کرنا پسند کرتی ہیں اور انہیں اپنی عمر چھپانے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔ ان کے بقول وہ آج بھی خود کو پراعتماد خاتون سمجھتی ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ انسان ہمیشہ جوان نہیں رہ سکتا، اس لیے عمر بڑھنے کو فطری حقیقت کے طور پر قبول کرنا چاہیے۔
متھیرا کا کہنا تھا کہ شہرت قسمت سے ملتی ہے اور ہر کسی کے نصیب میں نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کسی نے لانچ نہیں کیا بلکہ انہوں نے اپنی شناخت خود بنائی ہے، اسی لیے انہیں نہ مستقبل کی فکر ہے اور نہ ہی بڑھتی عمر کا خوف۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ عوامی شخصیت ضرور ہیں، لیکن اپنی نجی زندگی کو ہمیشہ ذاتی رکھنا پسند کرتی ہیں، جبکہ وزن یا ظاہری شکل پر ہونے والی تنقید بھی انہیں متاثر نہیں کرتی۔
اداکارہ نے اس موقع پر یہ اعتراف بھی کیا کہ انہوں نے چند کاسمیٹک طریقۂ علاج کروا رکھے ہیں۔ ان کے مطابق ایک حادثے کے باعث ان کی ناک کی ہڈی متاثر ہوگئی تھی، جس کے بعد انہوں نے ترکی میں ناک کی سرجری کرائی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ وقتاً فوقتاً معمولی مقدار میں فلرز اور بوٹوکس کا استعمال کراتی ہیں۔
متھیرا نے مزید انکشاف کیا کہ تقریباً 15 سال قبل انہوں نے معمولی لیپوسکشن بھی کروائی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین اتنی آسانی سے بوڑھی نہیں ہوتیں اور عمر بڑھنے کو منفی انداز میں پیش کرنا درست نہیں۔
انہوں نے عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شکیرا کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ آج بھی بھرپور انداز میں اپنے فن کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ متھیرا کے مطابق معاشرے نے خواتین کی عمر بڑھنے کو غیرضروری طور پر منفی تصور بنا دیا ہے، حالانکہ یہ زندگی کا ایک فطری مرحلہ ہے اور اسے شرمندگی کے بجائے اعتماد کے ساتھ قبول کیا جانا چاہیے۔