کراچی پورٹ میں کارگو ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ قائم، اعداد وشمار جاری

بندرگاہ سے 55.44 ملین ٹن کارگو گزرا جو گزشتہ مالی سال کے 53.95 ملین ٹن کے مقابلے میں 2.76 فیصد زیادہ ہے، کے پی ٹی

فوٹو: فائل

کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) میں مالی سال 26-2025 کے دوران اپنی کارکردگی میں نمایاں بہتری لاتے ہوئے کارگو، کنٹینرز اور جہازوں کی ہینڈلنگ کے تمام پرانے ریکارڈ ٹوٹ گیے ہیں اور اس حوالے سے اعداد وشمار جاری کردیے گئے ہیں۔

کے پی ٹی کی جانب سے جاری سالانہ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران بندرگاہ سے مجموعی طور پر 55.44 ملین ٹن کارگو گزرا جو گزشتہ مالی سال کے 53.95 ملین ٹن کے مقابلے میں 2.76 فیصد زیادہ ہے، اس اضافے کی بنیادی وجہ درآمدات میں خاطر خواہ اضافہ رہا جبکہ برآمدات میں کچھ کمی دیکھی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مالی سال 26-2025 میں درآمدات 35.91 ملین ٹن رہیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 5.82 فیصد زیادہ ہیں، درآمدات میں اس اضافے کا بڑا سبب ڈرائی بلک کارگو میں 66.8 فیصد اور لیکوئیڈ بلک کارگو میں 4.99 فیصد کا اضافہ ہے۔

دوسری جانب برآمدات 20.01 ملین ٹن سے کم ہو کر 19.53 ملین ٹن رہ گئیں جو 2.44 فیصد کی کمی ظاہر کرتی ہیں، برآمدات میں کمی کی بڑی وجہ ڈرائی جنرل کارگو کی ترسیل میں کمی ہے تاہم لیکوئڈ بلک کی برآمدات میں 17.36 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

مزید بتایا گیا کہ مجموعی طور پر درآمدات اور برآمدات کے درمیان فرق بڑھ کر 16.4 ملین ٹن ہو گیا ہے جو ملکی تجارتی خسارے کی جانب اشارہ کرتا ہے۔

کے پی ٹی کے مطابق کنٹینر سیکٹر میں بھی نئی تاریخ رقم ہوئی اور رواں سال 2.75 ملین TEUs کنٹینرز ہینڈل کیے جو پچھلے سال کے مقابلے میں 3.67 فیصد زیادہ ہیں، درآمدی کنٹینرز 4.28 فیصد اضافے کے ساتھ 1.422 ملین TEUs اور برآمدی کنٹینرز 3.03 فیصد اضافے کے ساتھ 1.327 ملین TEUs رہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کنٹینر ٹرمینلز میں جنوبی ایشیا پاکستان ٹرمینل لمیٹڈ 59.6 فیصد شیئر کے ساتھ سب سے آگے رہا، کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل کا حصہ 24.7 فیصد اور کراچی گیٹ وے ٹرمینل لمیٹڈ کا حصہ 15.5 فیصد رہا، تینوں نجی ٹرمینلز نے گزشتہ سال کے مقابلے میں مثبت نمو ظاہر کی۔

کے پی ٹی نے بتایا کہ بندرگاہ پر جہازوں کی آمد میں بھی 7.36 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے، مالی سال 26-2025 کے دوران کے پی ٹی پر مجموعی طور پر 2,115 جہاز آئے جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 1,970 تھی، آئل ٹینکرز کی آمد میں 12.83 فیصد اور بلک کیریئرز کی آمد میں 12.96 فیصد اضافہ ہوا جو لیکوئیڈ اور ڈرائی بلک کارگو میں اضافے کی واضح عکاسی کرتا ہے، کنٹینر شپس کی آمد بھی 4.57 فیصد بڑھ کر 1,145 ہو گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر مالی سال 26-2025 کراچی پورٹ ٹرسٹ کے لیے ایک کامیاب سال رہا جس میں ریکارڈ 55.44 ملین ٹن کارگو ہینڈل کیا گیا، توانائی اور بلک کارگو نے مجموعی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا۔

Load Next Story