کراچی کے سول اسپتال میں بچوں کے جدید علاج کیلیے جدید سہولت کا آغاز

لیپروسکوپک ٹاور کے ذریعے ہر ہفتے تقریباً 15 سے 20 بچوں کی سرجریاں کی جا سکیں گی

سول اسپتال کراچی میں جدید 4K پیڈیاٹرک لیپروسکوپک ٹاور کا افتتاح کردیا گیا، جس کے ذریعے بچوں کا جدید علاج ممکن ہوسکے گا۔

ڈاکٹر رُتھ کے ایم فاؤ سول اسپتال کراچی میں بچوں کے علاج کے شعبے میں جدید طبی سہولیات کا ایک اور اہم اضافہ کیا گیا ہے۔

اسپتال کے شعبۂ اطفال میں جدید 4K پیڈیاٹرک لیپروسکوپک ٹاور کا افتتاح کیا گیا ہے  جس کے ذریعے بچوں کی کم سے کم چیرا لگا کر جدید، محفوظ اور مؤثر سرجری ممکن ہو سکے گی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ماہرین نے بتایا کہ اس جدید لیپروسکوپک نظام کی بدولت بچوں کے پیٹ اور سینے کی پیچیدہ سرجریاں اب زیادہ محفوظ انداز میں انجام دی جا سکیں گی۔

اس ٹیکنالوجی کے ذریعے مریض کو کم درد، کم خون ضائع ہونے، انفیکشن کے خطرات میں کمی اور جلد صحت یاب ہونے جیسے نمایاں فوائد حاصل ہوں گے.

شعبۂ اطفال کے سربراہ ڈاکٹر عارف متین نے بتایا کہ نئے لیپروسکوپک ٹاور کے ذریعے ہر ہفتے تقریباً 15 سے 20 بچوں کی سرجریاں کی جا سکیں گی، جبکہ جدید 4K ٹیکنالوجی کی بدولت سرجری کے دوران واضح اور معیاری منظر دستیاب ہوگا، جس سے علاج کے نتائج مزید بہتر ہوں گے۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ نجی اسپتالوں میں بچوں کی لیپروسکوپک سرجری پر لاکھوں روپے خرچ ہوتے ہیں، جبکہ سندھ حکومت عوام کو سرکاری اسپتالوں میں جدید اور مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے صحت کے شعبے میں مسلسل سرمایہ کاری کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد جدید علاج کی سہولیات ہر شہری تک بلاامتیاز پہنچانا ہے۔ تاہم اس موقع پر اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خالد بخاری نے کہا کہ یہ سہولت کافی پہلے شروع ہو جانی چاہیے تھی، تاہم بجٹ گرانٹ میں تاخیر کے باعث منصوبہ مؤخر ہوگیا تھا۔

نہوں نے کہا کہ جدید طبی آلات کی فراہمی سے ڈاکٹرز اور طبی عملہ مزید مؤثر انداز میں خدمات انجام دے سکے گا، جبکہ بچوں کو عالمی معیار کے مطابق کم تکلیف دہ، محفوظ اور معیاری سرجری کی سہولت میسر آئے گی۔حکام کے مطابق نئے 4K پیڈیاٹرک لیپروسکوپک ٹاور سے نہ صرف سندھ بلکہ ملک بھر سے علاج کے لیے آنے والے بچوں کو سرکاری سطح پر جدید جراحی سہولیات دستیاب ہوں گی، جس سے شعبۂ اطفال میں علاج کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور پیچیدہ سرجریوں کی استعداد بڑھانے میں مدد ملے گی۔

Load Next Story