ہتک عزت کیس: پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کے خلاف عدالت کا بڑا فیصلہ جاری
فوٹو: فائل
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید کے خلاف وفاقی وزیر احسن اقبال کے دائر کردہ ہتک عزت مقدمے کا فیصلہ جاری کردیا۔
اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج حاکم خان نے وفاقی وزیر احسن اقبال کے حق میں ہتک عزت کا دعویٰ منظور کر لیا اور مراد سعید کو احسن اقبال کو 25 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ احسن اقبال کی عزت کو نقصان پہنچانے پر مرادسعید 25 لاکھ روپے ادا کریں گے اور مراد سعید کی جانب سے احسن اقبال پر 70 ارب روپے کرپشن کے الزامات ثابت نہیں ہوئے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ احسن اقبال پر کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیرقانونی کمیشن کے الزامات ہتک عزت ہیں۔
عدالت نے کہا کہ احسن اقبال نے 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ کیا تھا لیکن یہ دعویٰ شواہد کی روشنی میں حد سے زیادہ ہے تاہم متنازع بیان سے احسن اقبال کی ساکھ، عزت اور وقار متاثر ہوا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ الزامات سے عام شہریوں میں احسن اقبال کے بارے میں منفی تاثر پیدا ہوا اور ان کی دیانت، کردار اور ساکھ پر براہ راست حملہ تھے۔
عدلات نے کہا کہ مراد سعید نہ تو خود عدالت میں پیش ہوئے اور نہ کوئی ثبوت پیش کیا۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنما مرادسعید نے بطور وفاقی وزیر 2019 میں پریس کانفرنس کے دوران احسن اقبال پر ملتان-سکھر موٹر وے پراجیکٹ میں کرپشن کے الزامات لگائے تھے۔