بھارتی خاتون کرکٹر نے ٹیم میں جگہ نہ ملنے پر دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کر لی

پولیس نے موقع سے ایک مبینہ خودکشی نوٹ بھی برآمد کیا

بھارت کے شہر ناگپور میں خاتون کرکٹر نے اعلیٰ سطح کی کرکٹ ٹیم میں جگہ نہ ملنے پر دلبرداشتہ ہو کر خودکشی کرلی۔

پولیس کے مطابق واقعہ لکشمی نگر کے علاقے میں پیش آیا جہاں 17 سالہ ابھرتی ہوئی خاتون کرکٹر آدیتی چوکھانڈے اپنی والدہ اور بڑے بھائی کے ساتھ رہائش پذیر تھیں۔ انہوں نے حال ہی میں بارہویں جماعت کا امتحان پاس کیا تھا اور پیشہ ور کرکٹر بننے کے لیے بھرپور محنت کر رہی تھیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق آدیتی رات اہل خانہ کے ساتھ کھانا کھانے کے بعد اپنے کمرے میں چلی گئیں جبکہ اگلی صبح وہ مردہ پائی گئیں۔ پولیس نے موقع سے ایک مبینہ خودکشی نوٹ بھی برآمد کیا۔

پولیس کے مطابق نوٹ میں آدیتی نے اعلیٰ سطح کی کرکٹ ٹیم میں منتخب نہ ہونے پر اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بڑے بھائی کو کھیل جاری رکھنے اور والدین کا نام روشن کرنے کی تلقین کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق نوجوان کھلاڑی نے سلیکشن نہ ہونے کی مایوسی کے باعث یہ انتہائی قدم اٹھایا، تاہم واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور حتمی حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گے۔

 

Load Next Story