کراچی: آج سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں ریکارڈ، شہر میں کل بھی بارش کا امکان

شہر میں تیز بارشوں کا اس سسٹم کے زیر اثرکوئی امکان نہیں ہے

فوٹو: فائل

کراچی:

مون سون سسٹم کے زیراثر ہفتے کو شہر کے مضافاتی علاقوں میں بارش ہوئی، سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاون میں 4ملی میٹرریکارڈ ہوئی،آج اور کل بھی شہر میں ہلکی و درمیانی بارشوں کا امکان رہےگا۔

ہفتےکی صبح شہر کا موسم انتہائی مرطوب رہا،تاہم بعدازاں شہرکے مختلف علاقوں میں نچلی سطح کےبادلوں کی وجہ سے موسم مکمل طور پر ابر آلود رہا، اس دوران چند ایک مقامات پر پھوار اور بونداباندی جبکہ مضافاتی علاقوں گلشن معمار،سرجانی ٹاون اور اسیکم 33سمیت دیگر میں ہلکی و درمیانی بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اعداد وشمارکے مطابق سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاون میں 4ملی میٹرریکارڈ ہوئی، گلشن معمارمیں 3.4ملی میٹر،پی اےایف بیس مسرورمیں 2.3ملی میٹر بارش ہوئی، سب سےکم بارش گلشن حدید میں 1.5ملی میٹرریکارڈ ہوئی۔

ترجمان وڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات انجم نذیرضیغم کے مطابق آج اور پیر کو مطلع زیادہ تر ابر آلود رہنے اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش کا امکان رہےگا، تاہم شہر میں تیز بارشوں کا اس سسٹم کے زیر اثرکوئی امکان نہیں ہے۔

ارلی وارننگ کے مطابق ہوا کا شدید کم دباؤ ڈپریشن کمزور ہو کر ہوا کے کم دباؤ میں تبدیل ہوچکا ہے اور اب جنوب مشرقی راجستھان (بھارت) پر موجود ہے،اس موسمی نظام کے باعث بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مون سون ہوائیں مسلسل ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کر رہی ہیں۔

اس کےعلاوہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ بھی شمالی علاقوں پر اثر انداز ہے جس کے مزید شدت اختیار کرنے اور ملک کے بالائی و وسطی علاقوں کے بیشتر حصوں کو متاثر کرنےکا امکان ہے۔

مون سون سسٹمز کے زیراثر دیہی سندھ کے مختلف علاقوں میں گرج چمک،آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے،کچھ اضلاع میں تیز بارشوں کے سبب اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.8ڈگری جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد رہا۔

Load Next Story