پی ایچ ایف نے جنوبی کوریا ہاکی فیڈریشن کی جانب سے دعوت قبول کر لی

قومی ہاکی ٹیم 8 ستمبر سے 15 ستمبر 2026 تک جنوبی کوریا میں بین الاقوامی میچوں کی سیریز اور تربیتی سیشنز میں شرکت کرے

اسلام آباد:

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے جنوبی کوریا ہاکی فیڈریشن کی جانب سے بھیجی گئی باضابطہ دعوت قبول کر لی ہے۔

ایشین گیمز کے لیے جاپان روانگی سے قبل قومی ہاکی ٹیم 8 ستمبر سے 15 ستمبر 2026 تک جنوبی کوریا میں بین الاقوامی میچوں کی سیریز اور تربیتی سیشنز میں شرکت کرے گی۔

یہ دورہ ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ اور ایشین گیمز کے درمیانی وقفے میں ہوگا، جس سے قومی ٹیم کو ایشین گیمز جیسے اہم ایونٹ سے قبل جنوبی کوریا کی مضبوط ٹیم کے خلاف بہترین حریفانہ ماحول اور بین الاقوامی میچ پریکٹس میسر آئے گی۔

سیریز کا حتمی شیڈول اور دیگر انتظامات جنوبی کوریا ہاکی فیڈریشن کی مشاورت سے طے کیے جا رہے ہیں، جن کا مکمل اعلان جلد کر دیا جائے گا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے دعوت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم جنوبی کوریا ہاکی فیڈریشن کے اس اقدام کے مشکور ہیں۔ یہ سیریز ہمارے کھلاڑیوں کوایشین گیمز کے درمیان بہترین فارم برقرار رکھنے اور عالمی سطح کا تجربہ حاصل کرنے کا شاندار موقع فراہم کرے گی۔ ان شاء اللہ یہ میچز ایشین گیمز کی تیاریوں میں اہم پیش رفت ثابت ہوں گے اور دونوں ممالک کے درمیان کھیل کے روابط کو مزید مضبوط کریں گے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بین الاقوامی مقابلوں میں ملک کی بہترین نمائندگی کے لیے قومی ٹیم کو تمام ممکنہ اور معیارِ اول کی سہولیات و مشقیں فراہم کی جاتی رہیں گی۔

Load Next Story