پروٹین کی کم مقدار طویل عمر میں مددگار ہو سکتی ہے: تحقیق

تحقیقی جائزہ رپورٹ میں 350 سے زائد مطالعات کا تجزیہ کیا گیا

بازار میں آج کل پروٹین سے بھرپور اشیاء جیسے سیریل، کافی، پانی اور دیگر مصنوعات تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں لیکن ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ بہت سے افراد کے لیے زیادہ پروٹین کے بجائے کم پروٹین کا استعمال صحت اور لمبی عمر کے لیے زیادہ فائدہ مند ہو سکتا ہے۔

31 جولائی کو سیل پریس بلیو جریدے میں شائع ہونے والی اس تحقیقی جائزہ رپورٹ میں 350 سے زائد مطالعات کا تجزیہ کیا گیا جن میں پروٹین کی کم مقدار اور بڑھتی عمر کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا۔

تحقیق کے مطابق پروٹین کی محدود مقدار جسم کے میٹابولزم کو بہتر بنانے، خلیوں کے غذائی اجزاء پر ردِعمل کو متوازن رکھنے، خلیاتی نقصان کم کرنے اور خلیوں کی معمول کی کارکردگی برقرار رکھنے میں مدد دے سکتی ہے، جو مجموعی طور پر صحت مند اور طویل زندگی میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

تحقیق کے مرکزی مصنف اور یونیورسٹی آف وسکونسن-میڈیسن سے تعلق رکھنے والے ڈڈلی لیمنگ نے کہا کہ جسمانی ورزش کرنے والے اور فعال افراد کے لیے پروٹین پٹھوں کی نشوونما اور ورزش کے نتائج بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ تر لوگ جسمانی طور پر زیادہ متحرک نہیں ہوتے، اس لیے ممکن ہے کہ وہ اپنی ضرورت سے زیادہ پروٹین استعمال کر رہے ہوں، جس کے صحت پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق پروٹین کی ضرورت ہر فرد کی عمر، صحت، جسمانی سرگرمی اور طرزِ زندگی کے مطابق مختلف ہوتی ہے، اس لیے متوازن غذا اور ماہرین کی رہنمائی کے مطابق پروٹین کا استعمال ہی بہتر حکمتِ عملی ہے۔

Load Next Story