بھارت؛ طلاق کے بعد ذہنی دباؤ کی شکار ماہرِ نفسیات نے خودکشی کرلی

18 ماہ قبل ہونے والی طلاق کے بعد ڈاکٹر 40 سالہ ہیمیکا اگروال ڈپریشن سے نبرد آزما تھیں

40 سالہ ماہر نفسیات کو 18 ماہ قبل طلاق ہوئی تھی

بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر غازی آباد میں معروف ماہرِ نفسیات ڈاکٹر ہیمیکا اگروال نے اپنے گھر کی چھت سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بالائی منزل سے کودنے کے بعد خاتون ماہر نفسیات کو شدید زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔

پولیس کو ابتدائی تحقیقات کے دوران پتا چلا کہ خاتون ماہر نفسیات طلاق کے بعد گزشتہ ڈیڑھ سال سے خود شدید ذہنی دباؤ اور ڈپریشن کا سامنا کر رہی تھیں۔

ڈاکٹر ہیمیکا غازی آباد میں اپنے فلیٹ میں اکیلی رہتی تھیں۔ پولیس نے جائے وقوع کا معائنہ کرنے کے بعد شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، تاہم تاحال کسی خودکشی نوٹ کی برآمدگی کی تصدیق نہیں ہوئی۔

ڈاکٹر ہیمیکا کے والد ڈاکٹر آر چندرا بھی ماہر نفسیات ہیں انھوں نے تصدیق کی کہ ان کی بیٹی کی تقریباً 18 ماہ قبل طلاق ہوئی تھی جس کے بعد ذہنی صحت مسلسل متاثر رہی ہے۔

تاہم پولیس نے 40 سالہ ڈاکٹر ہیمیکا اگروال کی ہلاکت کے غیرمعمولی واقعے کی مختلف پہلوؤں سے بھی تحقیقات جاری رکھی ہوئی ہیں تاکہ تفتیش کو مکمل کیا جاسکے اور حتمی وجہ معلوم ہوسکے۔

واضح رہے کہ بھارت میں مطلوبہ جہیز نہ لانے کی پاداش میں کئی لڑکیاں سسرال کے مظالم سے تنگ آکر خودکشی کرنے پر مجبور ہوجاتی ہیں جب کہ متعدد تشدد سے بھی ماری گئی جب کہ خاندان کے ٹوٹنے سے بھی خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

 

Load Next Story