وزیراعظم کی نجکاری پروگرام کے تمام مراحل مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت
وزیراعظم شہباز شریف نے نجکاری پروگرام کے تمام مراحل مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طے شدہ اہداف اور ٹائم لائنز پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل میں پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں نجکاری پروگرام پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نجکاری کے مختلف مراحل کی بروقت تکمیل کے لیے متعلقہ وزارتیں اور ادارے باہمی رابطے اور مؤثر ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ زرعی ترقیاتی بینک کی نجکاری کا طریقہ کار اس انداز میں وضع کیا جائے کہ بینک کا بنیادی مقصد اور زرعی شعبے میں اس کا کردار برقرار رہے۔ وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نجکاری کے بعد بھی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کو زرعی قرضوں اور مالی وسائل کی فراہمی پر بینک کی خصوصی توجہ برقرار رکھی جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ کسانوں، بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاشتکاروں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لیے مالی وسائل تک رسائی یقینی بنانا ناگزیر ہے، کیونکہ زرعی ترقی پاکستان کی معاشی ترقی اور غذائی تحفظ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
اجلاس میں وزارتِ نجکاری کی جانب سے وزیراعظم کو نجکاری پروگرام، مختلف سرکاری اداروں کی نجکاری کے لیے اب تک ہونے والی پیش رفت اور آئندہ کے اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت کے نجکاری پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 27 سرکاری ادارے تین مختلف مراحل میں نجکاری کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (PIA) اور فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری کے حوالے سے فنانشل کلوزنگ کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پی آئی اے کی پہلی فنانشل کلوزنگ اور انتظامی کنٹرول کی منتقلی 29 جون 2026 کو مکمل ہوئی۔
وزیراعظم کو اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی کی نجکاری کے عمل پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ تینوں کمپنیوں کے لیے اظہارِ دلچسپی مشتہر کیا جا چکا ہے جبکہ سرمایہ کاروں کی جانب سے دستاویزات جمع کرانے کی آخری تاریخ بالترتیب FESCO کے لیے 7 اگست، GEPCO کے لیے 21 اگست اور IESCO کے لیے 7 ستمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ان تقسیم کار کمپنیوں کیلئے بین الاقوامی کمپنیوں نےدلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اس حوالے سے سرمایہ کاروں کے ساتھ روڈ شوز کا عمل بھی جاری ہے وزیراعظم کو زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ کی نجکاری کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ زرعی ترقیاتی بینک کی ٹرانزیکشن اسٹرکچرنگ میں بینک کے زرعی قرضوں سے متعلق بنیادی مینڈیٹ کے تحفظ کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جا رہا ہے۔
اجلاس کو اسلام آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ، جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی اور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کی نجکاری پر پیش رفت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم نے نجکاری کے تمام جاری معاملات کی پیش رفت کی مسلسل نگرانی اور طے شدہ اہداف کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔