امریکا: پوتے نے بیگ میں توپ کے گولے رکھ دیے، دادی ایئرپورٹ پر پکڑی گئیں

خاتون کے سامان سے امریکی خانہ جنگی (سول وار) کے دور سے تعلق رکھنے والے پانچ چوری شدہ توپ کے گولے برآمد ہوئے

امریکا میں ایک پوتے نے دادی کے بیگ میں توپ کے گولے رکھ کر اپنی دادی کو مشکل میں ڈال دیا۔

امریکی ریاست الاباما کے گلف شورز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر معمول کی سیکیورٹی جانچ کے دوران ایک مسافر کے سامان سے امریکی خانہ جنگی (سول وار) کے دور سے تعلق رکھنے والے پانچ چوری شدہ توپ کے گولے برآمد ہوئے۔

ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن (ٹی ایس اے) کے مطابق 18 جولائی کو ایک اہلکار نے ایکس رے اسکیننگ کے دوران سوٹ کیس میں ایک مشتبہ بڑی شے دیکھی۔ تلاشی لینے پر کاغذی تولیوں میں لپٹے ہوئے پانچ چھوٹے توپ کے گولے ملے، جس کے بعد فوری طور پر سپروائزر کو اطلاع دی گئی۔

ٹی ایس اے اہلکار جسٹن ڈوپری نے بتایا کہ انہوں نے پہلے غیر فعال دستی بم اور تربیتی گولہ بارود ضرور دیکھا تھا، لیکن اس نوعیت کا تاریخی اور چوری شدہ نوادرات کا معاملہ پہلی بار سامنے آیا۔

ٹی ایس اے کے مطابق برآمد ہونے والے گولے غیر فعال تھے اور ان میں کوئی دھماکا خیز مواد موجود نہیں تھا۔ تاہم، توپ کے گولے فوجی گولہ بارود شمار ہوتے ہیں، اس لیے انہیں طیارے میں لے جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔

بعد ازاں پولیس کی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ یہ گولے تاریخی فورٹ مورگن سے چرائے گئے تھے۔ قلعے کے عملے کی جانب سے لگائے گئے مخصوص رنگی نشانات کی مدد سے ان کی شناخت کی گئی، جبکہ یہ بھی تصدیق ہوئی کہ یہ امریکی خانہ جنگی کے دور کے آثار ہیں۔

بالڈون کاؤنٹی شیرف آفس کے مطابق ایک کم عمر لڑکے نے یہ گولے فورٹ مورگن کے اسٹوریج ایریا سے چرائے اور اپنی دادی کے چیک اِن بیگ میں رکھ دیے۔ دادی نے پولیس کو بتایا کہ انہیں اس بات کا علم نہیں تھا کہ سامان میں موجود توپ کے گولے چوری شدہ تھے۔

Load Next Story