روزانہ صرف چند منٹ کی جسمانی سرگرمی کینسر کے خطرے میں نمایاں کمی لا سکتی ہے، تحقیق
روزانہ معمولی دورانیے کی جسمانی سرگرمی بھی کینسر جیسے مہلک مرض سے تحفظ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ آسٹریلیا کی یونیورسٹی آف سڈنی میں ہونے والی ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ روزانہ چند منٹ کی تیز جسمانی حرکت بعض اقسام کے کینسر کے خطرے کو نمایاں حد تک کم کر سکتی ہے۔
تحقیق کے دوران ایسے 22 ہزار سے زائد افراد کا تقریباً سات برس تک جائزہ لیا گیا جو باقاعدہ ورزش کرنے کے عادی نہیں تھے۔ محققین نے پایا کہ اگر روزمرہ کے معمولات میں صرف چار سے پانچ منٹ کی نسبتاً تیز جسمانی سرگرمی شامل کر لی جائے تو مجموعی طور پر کینسر کے خطرے میں تقریباً 18 فیصد، جبکہ جسمانی سرگرمی سے متعلق کینسر کی بعض اقسام کے خطرے میں 32 فیصد تک کمی آ سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس مقصد کے لیے ضروری نہیں کہ ہر شخص جم جائے۔ روزمرہ کے کام، جیسے بھاری سامان اٹھا کر خریداری کرنا، تیز رفتاری سے پیدل چلنا یا بچوں کے ساتھ بھرپور جسمانی سرگرمی والے کھیل کھیلنا بھی مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں۔
تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ مختصر وقفوں پر کی جانے والی جسمانی سرگرمی دل اور پھیپھڑوں کی کارکردگی، یعنی کارڈیو ریسپائریٹری فٹنس، کو بہتر بناتی ہے۔ محققین کا کہنا ہے کہ یہی بہتری ممکنہ طور پر کینسر کے خطرے میں کمی کی ایک اہم حیاتیاتی وجہ بن سکتی ہے۔
ماہرین نے مزید وضاحت کی کہ فعال طرزِ زندگی نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بناتا ہے بلکہ انسولین کی حساسیت میں اضافہ اور جسم میں دائمی سوزش کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ ان دونوں عوامل کو کینسر کے خطرات کم کرنے سے بھی جوڑا جاتا ہے۔
تحقیق کے نتائج کے مطابق اگر روزمرہ زندگی میں چند منٹ کی بھرپور جسمانی سرگرمی کو معمول بنا لیا جائے تو یہ صحت پر مثبت اثرات مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ کینسر سے بچاؤ میں بھی معاون ثابت ہو سکتی ہے۔