کراچی، لیاقت آباد تین ہٹی کے قریب پولیس مقابلہ، تین ملزمان زخمی حالت میں گرفتار

زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا

فوٹو: فائل

کراچی:

شہر قائد میں لیاقت آباد کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد تین ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق کارروائی تین ہٹی ندی کنارے کے قریب کی گئی جہاں ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی جس کے بعد جوابی کارروائی میں تینوں ملزمان زخمی ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے تین تیس بور پستول، ایک چھینا گیا موبائل فون، نقد رقم اور ایک چوری شدہ موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق برآمد ہونے والے موبائل فون کی جانچ پڑتال کے دوران معلوم ہوا کہ وہ لیاقت آباد تھانے میں درج ڈکیتی کے مقدمے کا مسروقہ مال ہے۔

ایس ایچ او تھانہ لیاقت آباد شوکت اعوان کے مطابق گرفتار ملزمان مختلف تھانوں میں ڈکیتی، غیر قانونی اسلحہ اور دیگر جرائم کے مقدمات میں مطلوب اور سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں۔

پولیس نے ملزمان کے خلاف پولیس مقابلے، سرکاری اہلکاروں پر حملے، غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

Load Next Story