کامن ویلتھ گیمز؛ پاکستان کے لیے واحد میڈل جیتنے والی باکسر وطن واپس پہنچ گئیں
کامن ویلتھ گیمز گلاسگو میں پاکستان کے لیے واحد میڈل جیتنے والی باکسر فاطمہ زہرا وطن واپس پہنچ گئیں۔
لاہور ایئرپورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا، کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور مداحوں نے قومی ہیروئن کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
پاکستان کا پرچم عالمی سطح پر سربلند کرنے والی قومی باکسر فاطمہ زہرا لاہور ایئرپورٹ پہنچیں تو ان کا استقبال ایک فاتح کھلاڑی کے شایان شان انداز میں کیا گیا۔
گلاسگو میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں فاطمہ زہرا نے 60 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے برونز میڈل اپنے نام کیا، یہ پاکستان کا ان کھیلوں میں واحد میڈل تھا۔
فاطمہ زہرا کی تاریخی کامیابی صرف ایک برونز میڈل تک محدود نہیں بلکہ یہ اس عزم، محنت اور حوصلے کی علامت ہے جس نے پاکستان کی کھیلوں کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا ہے۔