لاہور: سابق ایم پی اے سعدیہ سہیل کی گاڑی پر حملہ کرنے والے 3 ملزمان گرفتار

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے نوٹس پر ایس پی ماڈل ٹاؤن کو خصوصی ٹاسک سونپا گیا تھا

سابق ایم پی اے سعدیہ سہیل کی گاڑی پر حملہ کرنے والے تین ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے نوٹس پر ایس پی ماڈل ٹاؤن کو خصوصی ٹاسک سونپا گیا تھا، جس کے بعد تھانہ گارڈن ٹاؤن پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق واقعہ دو روز قبل مین بلیوارڈ برکت مارکیٹ کے سامنے پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا کہ ملزمان ون وے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مخالف سمت سے آ رہے تھے۔ جب گاڑی موٹر سائیکل کے قریب سے گزری تو ملزمان مشتعل ہو گئے اور ہیلمٹ اور پتھروں سے گاڑی پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے اور اسے نقصان پہنچا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں دانیال، جلال اور سلطان شامل ہیں، جنہیں مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او گارڈن ٹاؤن اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

Load Next Story